پاکستان کی سب سے طویل ایم 5 موٹروے یکم اکتوبر سے عام ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی

ملتان( آن لائن )پاکستان کی سب سے طویل ایم 5 موٹروے یکم اکتوبر سے عام ٹریفک کیلئے کھول دی جائے گی، سی پیک منصوبے کے تحت 392 کلومیٹر طویل ملتان، سکھر موٹروے کا تعمیراتی کام ایک ماہ قبل مکمل کر لیا گیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان سے سکھر موٹر وے ایم 5 کو یکم اکتوبر سے عام ٹریفک کیلئے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔منصوبے کا بنیادی تعمیراتی کام چند ہفتے قبل ہی مکمل کر لیا گیا تھا، جبکہ اب منصوبے کی آرائش، انٹر چینجز اور عارضی قیام گاہوں کی تعمیرات کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کا افتتاح اکتوبر میں ہو رہا ہے۔ اس منصوبے کو وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے بہترین تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔

392 کلو میٹر طویل موٹر وے ایم 5 پر تقریبا 294 ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔یہ موٹر وے ملتان سے شروع ہو کر شجاع آباد، جلالپور پیر والہ، ہیڈ پنجند، بہاول پور کے قریب اچ شریف، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، صادق آباد، سندھ کے شہر اوباڑو، گھوٹکی اور پنوعاقل سے ہوتی ہوئی سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ اس سے آگے سکھر سے حیدرآباد تک ایم 6 موٹر وے کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔ امکان ہے کہ ایم 6 موٹروے کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔موٹر وے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے برج سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریا، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈرپاسز تعمیر کیے گئے۔

جی ٹی روڈ کے مقابلے میں اگر موٹر وے ایم 5 پر ملتان سے سکھر تک کا سفر کیا جائے تو فاصلہ 75 کلو میٹر کم ہے۔جبکہ سکھر ملتان موٹروے پر بغیر رکے مسلسل سفر کریں تو 6 گھنٹے کا سفر کم ہو کر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے رہ جائے گا۔پاک چین اقتصادی راہداری کے اس اہم منصوبے پر کام کا افتتاح 6 مئی 2016 کو کیا گیا تھا۔ جبکہ اب یہ منصوبہ تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔ اگست میں ملتان سے سکھر تک موٹروے کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی گئی ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ سی پیک کے تحت تعمیر کیے جانے والی موٹروے کا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔