نواز الدین صدیقی نے اہلیہ کے لگائے الزامات پر خاموشی توڑ دی

ممبئی: بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی نے اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر اپنا پہلا ردِعمل دے دیا۔بالی ووڈ کے اُبھرتے ہوئے اداکار نواز الدین صدیقی نے انسٹاگرام پر طویل پیغام جاری کرتے ہوئے اہلیہ عالیہ صدیقی کی جانب سے لگائے گئے تمام تر الزامات کو مسترد کر دیا اور انہیں اپنے خلاف پروپیگنڈہ قرار دے دیا۔حال ہی میں نواز الدین صدیقی کی اہلیہ نے شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ انہیں اور بچو ں کو رات گئے گھر سے باہر نکال پھینک دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بھی اداکار کی اہلیہ کی جانب سے کھانے پینے پر پابندی اور واش روم استعمال کرنے پر پابندی جیسے الزامات عائد کئے گئے تھے جس پر نواز الدین صدیقی نے خاموشی اختیار کی ہوئی تھی۔تاہم اب اداکار نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اہلیہ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ عالیہ ان کی اہلیہ نہیں ہیں اور وہ کافی عرصے سے ایک ساتھ نہیں رہتے کیونکہ ان کی طلاق ہو چکی ہے۔نواز الدین نے مزید کہا کہ میرے بچوں کو ان کی ماں نے پچھلے 45 دنوں سے یرغمال بنا رکھا ہے اور انہیں دبئی سے بھارت بلا کر انہیں اپنے ساتھ قید کر رکھا ہے جبکہ بچوں کے اسکول سے انہیں غیر حاضری کے نوٹس موصول ہور ہے ہیں۔اداکار نے انکشاف کیا کہ ان کی سابقہ اہلیہ عالیہ پیسوں کیلئے اس سے قبل بھی انہیں بلیک میل کرتی آئی ہے وہ انہیں بچوں کے خرچے کی مد میں ماہانہ 10 لاکھ دیتے ہیں۔نواز الدین صدیقی نے سوال اُٹھایا کہ جب وہ اتنے دنوں سے ہر چیز کی ویڈیوز بنا کر پوسٹ کر رہی ہے تو جب میں نے بچوں سمیت اسے گھر سے نکالا تب اس نے ویڈیو بنا کر پوسٹ کیوں نہیں کی؟بالی ووڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ ان کی سابقہ اہلیہ صرف ان کا مستقبل ختم کر کے انہیں برباد کرنا اور پیسوں کی ڈیمانڈ پوری کروانا چاہتی ہے۔