اپوزیشن نہیں چاہتی کہ بلدیاتی انتخابات ہوں اور نئی قیادت کو موقع ملے ،‘راجہ منصور c

مظفرآباد( سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل و چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصورخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ بلدیاتی انتخابات ہوں اور نئی قیادت کو موقع ملے ، بلدیاتی انتخابات کی دشمن ہماری اپوزیشن آئے دن انتخابات کو رکوانے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔ اپوزیشن کی جانب سے کبھی وفاقی حکومت سے ساز باز کر سیکورٹی نہ دینے کا خط لکھوایا جاتا ہے اور کبھی بلدیاتی انتخابات کو رکوانے کیلئے کوئی اور سازش رچائی جاتی ہے ۔ اپوزیشن کو نہ صوبائی پولیس قبول ہے نہ مرحلہ وار انتخابات ، نہ ریٹائرڈ پولیس و فوجی حضرات، نہ الیکشن کمیشن کی مصالحتی کمیٹیاں اور نہ ہی اپنی پولیس ۔ عوام نے اپوزیشن کے ان تمام ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا۔ اپوزیشن نے اپنے حکومتوں کے دور میں حیلے بہانوں سے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کیے رکھی ، آج جب پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار نچلی سطح پر منتقل کررہی ہے تو اپوزیشن نے روڑے اٹکانے شروع کر دیے ۔ پی ٹی آئی حکومت سردار تنویر الیاس خان کی قیادت ہر صورت بلدیاتی انتخابات کروا کر عام آدمی کو شراکت اقتدار بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار راجہ منصورخان نے اپنے خصوصی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کسی صورت نہیں چاہتی کہ ان کی اولادوں کے علاوہ نئی قیادت اور نئی نسل کو موقع ملے۔ آزادکشمیر کے نوجوان اور باشعور شہری اپوزیشن کے اس رویے کو مسترد کرتے ہیں۔نوجوان ایسے تمام عناصر کا گھیراؤ کریں گے تو بلدیاتی انتخابات کو رکوانے میں سازشیں کر رہے ہیں۔ اپوزیشن جانتی ہے کہ جس طرح عام انتخابات میں آزادکشمیر کی عوام نے انہیں مسترد کیا بلدیاتی انتخابات میں بھی وہ نامراد ہی رہیں گے۔ راجہ منصورخان نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویر الیاس خان عمران خان کے ویژن اور پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق تین دھائیوں بعد آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروانے جارہے اور اس سلسلہ میں انتظامات بھی مکمل ہو چکے ہیں ۔ اس وقت اپوزیشن کی پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو شریک اقتدار بنانے کے اس عمل کو کسی نہ کسی طرح روکا جائے ، اپوزیشن کسی صورت نہیں چاہتی کہ نئی قیادت ابھر کر آئے اور آزادخطہ میں جاری ترقیاتی عمل تیز ہو۔ اپوزیشن کو نہ صوبائی پولیس قبول ہے نہ وہ مرحلہ وار انتخابات کروانے کے حق میں ہیں نہ ہی ریٹائرڈ پولیس و فوجیوں کی خدمات اور نہ ہی اپنی پولیس کے ساتھ ان کو بلدیاتی انتخابات قبول ہیں ،اس کا واضح مطلب ہے کہ اپوزیشن کو حقیقت میں بلدیاتی انتخابات قبول نہیں ، اپوزیشن یہ بات یاد رکھے آزادکشمیر کے لوگ جانتے ہیں یہ سارے آپشن اس لیے مسترد ہو رہے تاکہ بلدیاتی انتخابات کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریگی۔

Comments (0)
Add Comment