مسئلہ کشمیر کا حل ہو یا ملکی ترقی میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا‘سردارامجد عباسی

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)کشمیر نژاد برطانیہ کے شہر سلاؤ کے نو منتخب میئر سردار امجد عباسی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل ہو یا ملکی ترقی میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا۔تحریک آزادی کشمیر کے موجودہ تناظر میں پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل و سوشل میڈیا کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے۔مہذب معاشرے میں صحافی ہی مثبت سمت کا تعین کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دورہ آزاد کشمیر کے دوران مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔صدر پریس کلب واحد اقبال بٹ نے انہیں خوش آمدید کہا اور آزاد کشمیر کے قدیمی اور تاریخی پریس کلب مرکزی ایوان صحافت اس کے ممبران/سرگرمیوں اور مسائل کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری جنرل بشارت مغل نے انجام دیئے جبکہ تلاوت اور نعت کی سعادت سفیر احمد رضا نے حاصل کی۔اس موقع پر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنماء ثاقب مجید راجہ، سجاد انور عباسی، محترمہ سمیرا فرخ، سلیمان سعید عباسی ودیگر بھی موجود تھے۔میئر سلاؤ کا کہنا تھا کہ صحافت ایک عظیم پیشہ ہے۔صحافی معاشرے کا اہم ستون ہوتے ہیں۔ترقی یافتہ ممالک میں صحافی ہی معاشرے کو مثبت سمت کی طرف لے جانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان میں جمہوری اور بلدیاتی نظام میں کوئی خاص فرق نہیں ہے۔وہاں پے روایات پے نظام چلتا ہے جبکہ ہمارے ہاں آئین کے مطابق کام ہوتے ہیں مگر بدقسمتی سے بعض اوقات ہم خود آئین کی پاسداری نہیں کرتے جو ہماری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ نظام میں فرق نہیں تاہم قوم میں فرق ہے۔ ہمیں ذات برادری اور علاقوں سے نکل کر ایک قوم بن کر سوچنا اور آگے بڑھنا ہو گا۔یہی ترقی کی ضمانت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ والدین روحانی شخصیات اور بزرگوں کی دعاؤں اور ان کی بہترین تربیت کے نتیجے میں برطانیہ کی شہریت حاصل کرنے کے چار سال بعد اسی شہر میں نہ صرف کونسلر منتخب ہوا بلکہ سب سے کم عمر اورپونچھ ڈویژن سے برطانیہ میں پہلا میئر بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ سلاؤ برطانیہ کا سب سے امیر ترین اور گنجان آباد شہر ہے جس میں بیشتر ممالک کے لوگ موجود ہیں ہمارے ہاں مرکزی حکومت کو دیکھنے کے بجائے اپنے وسائل سے سٹی کے مسائل حل کیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں گورنمنٹ کی طرف دیکھنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے میئرز بھی اپنے وسائل سے شہریوں کے مسائل حل کریں شہرکو صاف ستھرا بنائیں۔جس کی ان کو تجاویز اور تجربے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم ڈائس پورہ کشمیریوں کا سفیر ہے جو ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتے ہوئے ان کے بنیادی اور پیدائشی حق حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کر رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔بعدازاں صدر پریس کلب واحد اقبال بٹ اور سیکرٹری جنرل بشارت مغل نے ادارہ کی جانب سے میئر سلاؤ کو شیلڈ پیش کی۔جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں مظفرآباد کے گزشتہ عرصہ میں وفات پا جانے والوں سردار دلپذیر عباسی مرحوم، عتیق احمد گردیزی مرحوم، عامر مظفر قریشی مرحوم اور نصیر اعوان مرحوم سمیت دنیا سے رخصت ہوجانے والے صحافیوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment