ہٹیاں بالا(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وادی لیپہ کے علاقہ موجی سے چٹیال جانے والی جیپ روڈ خراب ہونے کے باعث چڑہائی چڑھتے ہوئے حادثہ کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جاگری،دو حقیقی بھائیوں،ایک عورت سمیت تین افراد جاں بحق، ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، دو افراد نے چھلانگ لگا کر جانیں بچائیں علاقہ کی فضا سوگ میں ڈوب گئی۔تفصیلات کے مطابق وادی لیپہ کے علاقہ موجی سے چٹیال جانے والی جیپ نمبر ایم ڈی کیو 716روڈ خراب ہونے کے باعث حادثہ کا شکار ہو کر جنگل میں جاگری جس کے نتیجہ میں دو یتیم حقیقی بھائی عاصم ولد سراج دین عمر بارہ سال،شاہد ولد سراج دین عمر آٹھ سال،عصمت بی بی زوجہ ناصر عمرتیس سال جاں بحق ہو گئیں جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شوکت ولد میر محمد،عمر ولد سراج دین، عمر ولد رشید زخمی ہو گئے، گاڑی میں سوار مزید دو افراد نے چھلانگ لگا لی جس کے باعث وہ محفوظ رہے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس موقعہ پر پہنچ گئی جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو گہری کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیازخمی افراد کا ہسپتال میں علاج جاری ہے جہاں انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے،جاں بحق ہونے والے دو حقیقی بھائیوں اور ایک خاتون کی نماز جنازہ بدھ کے روز ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، جاں بحق ہونے والے دو بچوں اور خاتون کو آبائی علاقوں کے قبرستان میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا،مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ موجی، چٹیال روڈ کی حالت پہلے سے خراب تھی ٹھیکیدار روڈ مزید اکھیڑ کر کام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا ہے جس کے باعث روڈ کی مزید حالت خراب ہو چکی ہے حکام موجی چٹیال روڈ کی خراب حالت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اس کی تعمیر مکمل کروائیں تانکہ مستقبل میں کوئی حادثہ اور قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں ۔۔۔۔۔