مظفرآباد(سٹاف رپورٹر)آزاد کشمیر کے وکلاء نے بجلی آٹے سمیت دیگر عوامی ایشو پر عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی تحریک کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کے خلاف بے جا مقدمات ختم کرنے آزاد کشمیر کے عوام کو سستی بجلی آٹا مہیا کرنے،نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے سلسلے میں عدالت العالیہ کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کامطالبہ کر دیا ہے۔گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں سینئر قانون دان راجہ امجد علی خان، ممبر بار کونسل ہارون ریاض مغل اور دیگر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے عہدیداران شوکت نواز میر بلدیاتی نمائندگان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کا چارٹر آف ڈیمانڈ عام آدمی کا چارٹر آف ڈیمانڈ ہے اس تحریک کا عام آدمی کو سستی بجلی سستے آٹے کی فراہمی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔ہمارا کوئی ایجنڈا نہ ہے۔بعض لوگ اس تحریک کو دیگر معاملات سے جوڑ رہے ہیں۔اس تحریک میں جملہ نظریات اور جملہ مکاتب فکر کے لوگ موجود ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ24اکتوبر آزاد کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر 1947کا ڈیکلریشن پبلک کریں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی آزادی کی تحریکیں سرکاری خرچ پر نہیں چلتیں۔بجلی کے ٹیکس کے نام پر تحریک آزادی کے نام پر یورپ کے کلبوں میں تحریک آزادی اجاگر ہوتی رہی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں فری بجلی اشرافیہ کو دی جا رہی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ اشرافیہ کے بجائے عام آدمی کو بجلی مہیا کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزراء پر مشتمل جو کمیٹی بنی ہے اس میں عوامی ایکشن کمیٹی کا تذکرہ نہ ہے۔ممکن ہے وہ کمیٹی وزراء کے لیے اپنے پورٹ فولیو کے حوالہ سے بنائی گئی ہے۔آپس میں بندر بانٹ کے لیے تشکیل دی گئی ہو۔انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کو فری بجلی،فری پیٹرول اور دیگر مراعات دی جا رہی ہیں موجودہ مالی بحران کے پیش نظر انہیں ختم کیا جائے اور عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔آزاد کشمیر میں بار کونسل وکلاء کا منتخب اور نمائندہ فورم ہے۔لہذا وکلاء وہی فیصلہ تسلیم کریں گے جس کو بار کونسل کی حمایت حاصل ہو گی۔بار کونسل کے ورکش چیئرمین پہلے کی عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں اور اسی تناظر میں آج آزاد کشمیر بھر میں وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء عام آدمی کے حقوق کی بات کرتے ہیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کی بھرپور لیگل ایڈ دیں گے۔شوکت نواز میر نے اس موقع پر مزید کہا کہ ہماری تحریک مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اس میں عوامی حقوق کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہ ہے۔اب مسئلہ کشمیر کا چورن بیچنے کا وقت گزر گیا ہے۔عوام باشعور ہو چکے ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کو سستی بجلی سستا آٹا اور نیلم جہلم پراجیکٹ کے سلسلے میں ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے بلدیاتی نمائندگان کی جانب سے انجم زمان اعوان نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان نے جماعتی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس تحریک میں حصہ لیا ہے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔