مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال مظفرآباد آزاد کشمیر کے انچارج میجر(ر)محمد نعیم اور رجسٹرار ڈاکٹر احمد عثمان نے کہا ہے کہ الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال مظفرآباد آزاد کشمیر کا واحد ہستال ہے جس میں مستحق افراد کی آنکھوں کا نہ صرف فری علاج کیا جاتا ہے بلکہ مریضوں کی فری ٹریٹمنٹ ادویات سرجری اور ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ مئی 2011میں ادارہ کی بلڈنگ 25کروڑ روپے کی لاگت سے عمارت تیار کی گئی جو 50ہزار سکوائر فٹ ایریا پر مشتمل ہے۔ہسپتال ایک سو بیٹ پر مشتمل ہے جس میں ڈیڑھ سوبستروں کی گنجائش موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد جموں وکشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تین اقسام کے مریض آتے ہیں ایک وہ جو صاحب استطاعت ہوتے ہیں اور فیس ادا کر سکتے ہیں دوسرے مڈل کلاس جبکہ تیسرے انتہائی مستحق، انتہائی مستحق افراد کا فری چیک اپ، ادویات سرجری جبکہ فری ٹرانسپورٹ سمیت کھانا بھی فری دیا جاتا ہے جبکہ مڈل کلاس مریضوں سے صرف پانچ سو روپیہ چارج کیا جاتا ہے جبکہ صاحب استطاعت مریضوں سے 7سو روپے چارج کیے جاتے ہیں یعینی ان کو بھی سبسڈی دی جاتی ہے۔تینوں اقسام کے مریضوں کو ڈاکٹر ادویات لیبارٹری سمیت ٹیسٹ کی یکساں سہولیات میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ہمارے ہاں معیاری علاج کیاجاتا ہے ہزارہ ڈویژن میں قائم اتر شیشہ آئی ہسپتال کے مریض بھی ہمارے پاس ریفر ہوتے ہیں جبکہ ہم زیادہ حساس نوعیت کے کیسسز کو راولپنڈی اپنے ہی ادارے میں ریفر کرتے ہیں جس کے کوئی اضافی چارجز حاصل نہیں کیے جاتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس چار ایف سی پی ایس ڈاکٹرز اور ڈپلومہ ہولڈر سمیت کروڑوں کی لاگت سے خریدی گئی جدید مشینری موجود ہے۔آنکھوں کی امراض کے چودہ شعبہ جات ہیں جن میں سے نو کے ٹیسٹ ہمارے ہاں ہوتے ہیں۔جس کے لیے چار سے پانچ کروڑ روپے کی مشینری لائی گئی ہے۔ہم اپنے مریض کا آؤٹ ڈور ٹیسٹ نہیں کرواتے بلکہ فری ٹیسٹ کی جملہ سہولیات ایک چھت کے نیچے موجود ہیں۔آزاد کشمیر میں آنکھوں کی زیادہ بیماریاں سورج کی روشنی گرمی اور سردی کی شدت کے باعث ہوتی ہیں جبکہ موبائل فون کا زیادہ استعمال بھی اثر انداز ہوتا ہے اور زیادہ تر سفید موتیا کے مرض ہیں اگر سفید موتیا کا علاج نہ کروایا جائے تو یہ موتیا کالا موتیا بن جاتا ہے جس میں آنکھوں کی بینائی بھی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریض کی سرجری کی جاتی ہے جبکہ اس کے بعد ہر ہفتے فری چیک اپ اور فری ادویات سمیت مظفرآباد شہر اور مین روڈ سے ہسپتال تک مفت ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ مئی 2011سے آج تک الشفاء آئی ٹرسٹ ہسپتال مظفرآباد میں 7لاکھ سے زائد مریضوں کی آنکھوں کا علاج ہو چکا ہے جن میں 23342سرجریز بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اس ہسپتال کی افادیت کے حوالہ سے عام آدمی تک معلومات فراہم میں اپنا کردار ادا کرے۔الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال مظفرآباد میڈیکل کیمپ کے ذریعے بھی علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔