مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)کیڈٹ کالج مظفرآبادمیں سالانہ یوم والدین کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی جناب چوہدری لطیف اکبر،سپیکر قانون ساز اسمبلی، آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر تھے۔ مہمان گرامی کےعلاوہ جناب دیوان علی خان چغتائی، وزیر حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیر ، اعلیٰ سرکاری آفیسران ، پاک فوج کے عہدہ داران، سول سوسائٹی و میڈیا کے نمائندگان اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مہمان خصوصی کی آمد پر پرنسپل ادارہ بریگیڈئیر( ریٹائرڈ) ڈاکٹر منظور احمد عباسی، ستارہ امتیاز (ملٹری) نے اساتذہ کے ہمراہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیااور ننھے کیڈٹس نے معزز مہمان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمان گرامی کو سلامی دے کر گارڈ آف آنر پیش کیا۔
مہمان گرامی نے پرنسپل ادارہ کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اور چیمپئن ہاؤس کے پائیلٹ کے ہاتھ میں پرچم بھی تھمایا۔ بعد ازمعائنہ، پریڈ کمانڈر نے پریڈ کے چاک و چوبند دستوں کو مارچ پاس کا حکم دیا۔پریڈ کے دستے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے مہمان گرامی کو سلامی پیش کرتے ہوئے گزرے۔علاوہ ازیں ننھے کیڈٹس نے پی ٹی شو کا بہترین مظاہرہ کر کے ناظرین کو محظوظ کیا۔ جمناسٹک ٹیم نے بھی اپنے رنگا رنگ کرتب دکھا کر ناظرین پر طلسماتی کیفیت طاری کی، علاوہ ازیں کمانڈوز کے دستے نے بھی مہمان گرامی کو سلامی پیش کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز کلام پاک سے کیا گیا۔ بعد ازتلاوت بارگاہ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔ کیڈٹس نے اردو اور انگریزی کی تقاریربھی پیش کیں۔بعد ازاں پرنسپل ادارہ بریگیڈئیر( ریٹائرڈ) ڈاکٹر منظور احمد عباسی، ستارہ امتیاز (ملٹری) نے کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ پرنسپل ادارہ نے معزز مہمان کو کالج کی شاندار کارکردگی ، بہترین نتائج اور کالج میں نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالہ سے معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کیڈٹ کالج مظفرآباد فقط پانچ سال پرانا ادارہ ہے لیکن اس ادارے نے قلیل عرصے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ یہ ادارہ پچھلے تین سال سے میرپور بورڈ کے سالانہ امتحانات میں پہلے نمبر پررہا ہے۔ پرنسپل ادارہ نےمعزز مہمان کی توجہ کالج کے زیر التواء منصوبہ جات بشمول کیڈٹس میس ، ریسیپشن اور باونڈری وال کی تعمیر کی جانب مبذول کرائی۔ نیز کالج کے لیے منظور شُدہ ایک عددبس کے لیے مطلوبہ رقم جاری کرنے کی درخواست بھی کی۔ آپ نے مہمان گرامی کو آگاہ کیا کہ کالج میں کیڈٹس کی معاشرتی و اخلاقی تربیت کے لیے آئے روز مہمان مقررین و ماہر نفسیات کو مدعو کیا جاتا ہے۔پرنسپل کے خطاب کے بعد وزیر حکومت جناب دیوان علی خان چغتائی صاحب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کالج انتظامیہ اور اساتذہ کی شبانہ روز محنت کو سراہا۔ تقریب کے آخر میں مہمان گرامی نے شرکاء تقریب سے خطاب کیا۔ معزز مہمان نے خطاب کے دوران کیڈٹ کالج مظفرآباد کے پرنسپل اور اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔ آپ کا کہنا تھا کہ کیڈٹ کالج مظفرآباد کیڈٹس کی کردار سازی کے حوالے سے موزوں ادارہ ہے۔ کیڈٹ کالج مظفرآباد کیڈٹس کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔ معزز مہمان کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل ادارہ اور اساتذہ کی کاوشیں لائق صدتحسین ہیں۔ آپ نے کیڈٹس کی کارکردگی کو مثالی قرار دیا اور گذشتہ اور رواں سال کے شاندار بورڈ نتائج پر مبارک باد بھی دی
، مہمان خصوصی نے کہا کہ کیڈٹ کالج مظفرآباد کے ساتھ ریاست کا مستقبل جڑا ہے۔ یہی ادارہ ہے جہاں سےمستقبل کے راہنماء نکلیں گے،جنھوں نےقوم کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔مہمان گرامی کا مزید کہنا تھا تھا میں کیڈٹ کالج مظفرآباد کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔آپ نے کالج میں جاری نامکمل تمام منصوبہ جات کی جلد تکمیل کی یقین دہانی بھی کرائی اور سیکرٹری صاحبان کو ادارہ میں کیڈٹس میس کے علاوہ مین گیٹ پر ریسیپشن اور باؤنڈری وال کی تعمیر کے منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور دارہ کے لیے ایک عدد بس خریدکے لیے مطلوبہ رقم جلد مہیا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے سال کے چیمپئن ہاؤس، بہترین اساتذہ اور بہترین کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے۔تقسیم انعامات کےبعد معزز مہمان نے کیڈٹس کے بنائے گے سائنسی پراجیکٹس کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کی تخلیقی اور سائنسی ذہنیت کو سراہا ۔آخر میں پرنسپل ادارہ نے مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور ادارے کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ مہمان گرامی نے پرنسپل ادارہ اور اساتذہ کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں اور "وزٹر بک” میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔