مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)بانی پی ٹی آئی کی کال پر پاکستان بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی یوم احتجاج منایا گیا، اس سلسلے میں آزادکشمیر بھر میں احتجاج کیا گیا، سب سے بڑی احتجاجی ریلی مظفرآباد میں نکالی گئی، ریلی کی قیادت قائد حزب اختلاف و مرکزی رہنما تحریک انصاف خواجہ فاروق احمد، جنرل سیکرٹری میر عتیق احمد،پیرسید اظہر گیلانی،خواجہ محمد شفیق ودیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے سنٹرل پریس کلب کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا،احتجاج کے بعد آزادی چوک سے گڑھی پن چوک تک ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے قیدی نمبر 804 کی رہائی کے نعرے بلند کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر خواجہ فاروق احمد،سیکرٹری جنرل تحریک انصاف آزاد کشمیر میر عتیق الرحمن،مرکزی راہنما پی ٹی آئی پیر سید اظہر علی گیلانی،سابق چیئرمین نیلم ڈویلپمنٹ بور ڈ مرکزی راہنما ء تحریک انصاف خواجہ محمد شفیق،سید تبریر کاظمی،راجہ فرح ممتاز،محمد عارف مغل،امجد چیمہ،،عمران خورشید ودیگر نے کہاکہ پی، ٹی آئی کے کارکنان آزادکشمیر بھر میں اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ فا رم پنتالیس کے مطابق پی ٹی آئی کو ان کا مینڈیٹ واپس نہیں دیا جاتااور بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کردیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو آئینی عہدوں پر براجمان کیا جا رہاہے اور محب وطن قوتوں کو قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنے پر مجبور کر دیا گیا ہے جو کہ ملکی تاریخ کا بدترین سیاہ باب ہے۔مقررین نے کہا کہ عمران خان کے سپائی کراچی سے کشمیر تک موجود ہیں ظلم برابریت کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے،جھوٹے من گھڑت مقدمات میں عمران خان کو پھنسایا گیا کشمیری عوام شدید مزمت کرتی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اور تحریک انصاف کا منڈیٹ واپس کرنے تک احتجاج جاری رہے گا۔