مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عظیم آزادی پسند راہنماؤں میر واعظ کشمیر مولوی محمد فاروق شہید شہید حریت عبدالغنی لون شہید کو انکی جدوجھد آزادی کشمیر ، کشمیری عوام کے سیاسی ، مزہبی اور سماجی حقوقوں کیلئے لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے سامنے ریلی کا انعقاد کیا گیا ، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہداء کی تصاویر آویزاں تھیں۔ ریلی میں شریک شہری "میر واعظ تیری شہادت سے” عبدالغنی لون تیری شہادت” سے "گیلانی تیری شہادت” سے "صحرائی تیری شہادت سے” انقلاب آئے گا کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، پیپلز پارٹی کے راہنما شوکت جاوید میر ،شائق گیلانی ایڈووکیٹ ، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، مہاجرین راہنماؤں اقبال یاسین اعوان ، بلال احمد فاروقی ، محمد اقبال میر ، سر انداز میر ، محمد اختر خان ، سید محمود شاہ ، فیصل فاروق شیخ ، سماجی راہنماؤں ڈاکٹر محمد منظور ، کررہےتھے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہر خاص سرینگر میں 21 مئی 1990 کو میر واعظ کشمیر مولوی محمد فاروق کو انکے گھر میں شہید کیا گیا اسی دن حول کے مقام پر انکے جنازے پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے 75 شہری شہید اور اڑھائی سو زخمی ہوئے تھے ۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی درندگی ، دہشت گردی اور بربریت کے وہ زخم آج بھی تازہ ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے نوے کی دھائی میں اجتماعی قتل عام کا یہ پہلا واقع تھا جس میں جنازے میں شریک ہزاروں سوگواروں پر بندوقوں کے دھانے کھول دیئے گئے تھے ۔ مقررین نے کہا کہ 21 مئی 2002 کو عظیم حریت راہنما عبدالغنی لون کو شہداء قبرستان سرینگر جاتے ہوئے شہید کیا گیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ پوری کشمیری عوام آج بھی شہدائے حول اور عظیم کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جنہوں نے قومی آزادی کے لیئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیئے۔ آج جموں کشمیر کے عوام میر واعظ محمد فاروق شہید ، عبدالغنی لون شہید اور شہدائے حول کو جہاں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں وہیں کشمیری عوام شہدائے کشمیر کی قربانیوں کی حفاظت کرتے ہوئے بھارت کیخلاف مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کر رہے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے سازشوں ، پھانسیوں اور فوجی طاقت کے بے جا استعمال سے کشمیری مزاحمتی قیادت کو شہید کیا ۔ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارتی سامراج نے میر واعظ محمد فاروق شہید ، عبدالغنی لون شہید ، شیخ عبد العزیز شہید ، سید علی گیلانی شہید ، محمد مقبول بٹ شہید ، محمد اشرف خان صحرائی شہید ، محمد افضل گورو سمیت تحریک آزادئ کشمیر کے کئی اعلیٰ راہنماؤں کو شہید کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت فوجی جبر ، دہشت پسندی ، دہشت گردی اور سازشوں سے تحریک آزادئ کشمیر کو کمزور نہیں کرسکتا ۔ کشمیری عوام ریاست کی آزادی ، نسل نو کے محفوظ مستقبل کیلئے اپنی جدو جہد کو ہر صورت جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ آج میر واعظ کشمیر مولوی محمد فاروق شہید اور شہید حریت عبدالغنی لون کے شہادت کے دن کہ موقع پر اس بات کے عزم کو دہرایا جارہا ہے کہ کشمیری عوام شہدائے کشمیر کی مقدس قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ منزل کے حصول تک مزاحمت کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں ۔ ریلی کے شرکاء نے میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید اور شہید عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے برہان وانی شہید چوک تک ریلی کا انعقاد کیا۔۔۔۔۔۔