پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا عمران خان کی رہائی کیلئے ریاست گیر تحریک جاری رکھنے کا اعلان

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے بانی پی ٹی آئی سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی رہائی کے لیے ریاست گیر تحریک جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے تحریک کو روکنے کے لیے آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے رکاؤٹیں کھڑی کرنے کی مذمت کی ہے۔صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو جعلی ریفرنسز کی دھمکیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا۔ایسی کوئی حرکت ہوئی تو اس کا شدید ردعمل ہو گا۔رات کی تاریکی میں بننے والی انوار حکومت ریاست کے پرامن ماحول کو خراب کر رہی ہے۔جائنٹ ایکشن کمیٹی کے پرامن احتجاج کو خون خرابے کی نظر کرنا حکومت آزاد کشمیر کی ناکامی ہے۔اس حوالہ سے جوڈیشل انکوائری کروا کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے ترجمان سید تبریز کاظمی نے پارٹی رہنماؤں عبدالرزاق اعوان ایڈووکیٹ، سید بیدار نقوی ودیگر کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن جیت کر غداری کر کے حکومت بنانے والے وزیراعظم کے گھر سے صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے سفیر کشمیر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کا آغاز کیا ہے اور بھمبر میں نہ صرف ریلی نکالی بلکہ پی ٹی آئی کے جھنڈے لگائے گئے۔سید تبریز کاظمی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر پی ٹی آئی کی تحریک سے خوفزدہ ہیں اور ریاست میں دفعہ 144لگا کر رکاؤٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان پر جعلی مقدمات قائم کیے گئے جو اب ختم ہو رہے ہیں اور ان کا ساتھ دینے پر عبدالقیوم نیازی کے خلاف جعلی ریفرنسز کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔اگر ایسا کوئی اقدام ہوا تو اس کا شدید ردعمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ غداری کرنے والوں کے لیے دروازے بند ہیں۔آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت نے بلدیاتی الیکشن کروائے لیکن موجودہ حکومت نے اس وقت تک بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز منتقل نہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے پرامن احتجاج کے دوران خطہ میں حالات کی خرابی حکومت کی ناکامی ہے اس پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

Comments (0)
Add Comment