تحریک آزادی کشمیر سے متعلق دستاویزی مواد کو یکجا کرنے کا کام شروع کر دیا‘سردار علی شان

مظفرآباد(پ ر) میڈیا کوآرڈینیٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل سردار علی شان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر سے متعلق دستاویزی مواد کو یکجا کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر میں عملی کردار ادا کرنے والی شخصیات اور تحریک کے عینی شاہدین کے انٹرویوز کو دستاویزی شکل دی جا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کی ایک کمیٹی ان کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے جو جدید تقاضوں کو مد نظر رکھ کر اس سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں آزاد کشمیر اور پاکستان میں مقیم شخصیات کے انٹرویوز کو ویڈیو، آڈیو اور تحریری شکل میں لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت گزشتہ روز یہاں ہونے والے انٹرویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محترمہ شائستہ افتخارممبران کمیٹی بابر بشیر،سید محمود گیلانی ، راجہ سمیع اللہ، عتیق منظور اور دیگر نے شرکت کی۔ اپنے آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میڈیا کو آرڈینیٹر سردار علی شان نے کہا کہ انٹرویوز کمیٹی کے ذمہ اہم اور تاریخی کام لگایا گیا ہے۔ کمیٹی نے بھرپورانداز میں یہ فریضہ سرانجام دینا ہے یہ کام دفتر ی اور محکمانہ امور کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ کمیٹی کے زمہ داران اور ممبران کا قومی فریضہ بھی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کم سے کم وقت میں اس اہم ٹاسک کو پورا کرے گی اور ریکارڈ شدہ انٹرویوز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنا کر اسے لبریشن سیل کی لائبریری اور ڈیجیٹل آر کائیو کا حصہ بنایا جائے گا اوراہم انٹرویوز اور دستاویزات کو ایسی شکل دی جائے گی تا کہ آنے والی نسل تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ اورحقائق سے آگاہ ہو سکے۔دوسرے مرحلے میں کمیٹی ایسی تمام شخصیات کا ڈیٹا جمع کر ے گی جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر میں عملی حصہ لیا۔ اس سلسلہ میں عمائدین اور قائدین کے خاندانوں سے رابطہ کر کے دستیاب مواد اور دستاویزات بھی جمع کی جائیں گی اور انھیں لبریشن سیل کے تاریخی ریکارڈ کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment