راجہ منصور کا کارکنوں و عہدیداران کو لانگ مارچ کی تیاری کرنے کیلئے خط

اسلام آباد :راجہ منصور خان جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر نے آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آزادکشمیر کے تمام مرکزی قائدین، عہدیداران اور کارکنان کو تحریری خط جاری کر دیا۔ السلام علیکم !جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جدوجہد کے اہم ترین اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ان حالات کے پیش نظر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف جناب عمران خان نے تمام کارکنان کو مئی کے آخری ہفتے میں حقیقی آزادی مارچ بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ایک آزادی کی جد وجہد قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر رہنماؤں نے 1947 میں کی تھی اور آج بیرونی طاقتوں کے خلاف حقیقی آزادی کی لڑائی عمران خان صاحب لڑ رہے ہیں۔وزیراعظم پاکستان عمران خان صاحب کا یہ قصور تھا کہ انھوں نے کشمیریوں کا حقیقی ترجمان اور وکیل بن کر یہ کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر پر بات نہیں ہو گی بھارت سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔عمران خان کو اس بات کی بھی سزا دی جا رہی ہے کہ اس نے ناموس رسالت اور اسلام فوبیا پر دلیری سے بات کی اور چالیس سال بعد نہ صرف او آئی سی کا اجلاس پاکستان میں ہوا بلکہ او آئی سی نے پاکستان کو اسلامی دنیا کی صدارت بھی دے دی۔کرونا وباء جیسے موذی مرض سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کی بھی معیشت لڑکھڑانے لگی۔ لیکن ان برے حالات میں بھی عمران خان صاحب نے پاکستانی معیشت اور انسانی جانوں کو بچانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔جس کا اعتراف پوری دنیا نے کیا۔پاکستانی عوام کے مفاد کی خاطر چائینہ روس اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات بنائے تو بیرونی طاقتوں کو یہ بات گراں گزری۔ان تمام تر حالات پر انہیں ایک بیرونی سازش کے تحت نہ صرف حکومت سے نکالا گیا بلکہ ایک امپورٹڈ حکومت مسلط کر کے پاکستان کو بین الاقوامی غلامی کی طرف دھکیل دیا۔میری تمام کارکنان سے گزارش ہے کہ پاکستان اور کشمیر کی حقیقی آزادی،خودمختاری اور سالمیت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اب یہ جنگ صرف تحریک انصاف کے کارکنان کی نہیں بلکہ پاکستانی اور کشمیری عوام کی جنگ بن چکی ہے۔اس لیے حقیقی آزادی مارچ کی بھرپور تیاری کریں اور عمران خان صاحب کا پیغام گاؤں گاؤں شہر شہر لے کر جائیں۔ ہم جلد ضلعی سطح پر آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دیں گے اور انشاء اللہ آپ کے تعاون سے آزادی مارچ میں آزاد جموں وکشمیربھر سے وزیراعظم و صدر تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی قیادت میں آزادی مارچ اسلام آباد میں تاریخی نمائندگی ہو گی۔

Comments (0)
Add Comment