ارجہ کے صحافیوں کے خلاف مقدمات کی شدید مذمت کرتے ہیں‘راجہ خالد محمود

ارجہ( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی دھیرکوٹ و سابق امیدوار اسمبلی راجہ خالد محمود نے کہا ہے کہ ارجہ کے صحافیوں کے خلاف مقدمات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حق سچ لکھنے اور میرٹ کی دھجیاں اڑانے والوں کو چیلنچ کرنے والوں پر مقدمات بزدلی ہے۔ حلقہ غربی باغ میں اس سے قبل بھی میرٹ کا قتل عام ہوتا رہا ہے لوگوں کو مسلم کانفرنس میں شامل ہونے کی شرط پر نوکریاں دی جاتی تھیں اس کے علاؤہ بھی پیسے لیکر تقرریاں کرنے کی شکایات بھی موجود ہیں۔ تمام محکمہ جات بالخصوص محکمہ تعلیم میں ایسے کھلواڑ کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ صحافی جو معاشرے میں آنکھ کی حیثیت رکھتے ہیں جن کا مقصد ایسی ناانصافیوں کو ایوان اقتدار اور متعلقہ اداروں تک پہنچانا ہوتا ہے۔ صحافیوں کی رپورٹنگ پر علم ہوا کہ کیسے ایڈھاک تقرریاں اتنے عرصہ سے موجود ہیں اس کے علاؤہ بغیر اشتہار تقرریاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ حکومت وقت فی الفور این ٹی ایس کا سسٹم بحال کرے اور سفارشی کلچر کو ختم کرے۔ جماعت اسلامی میرٹ کی دھجیاں اڑانے والوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائے گی ہم چائتے ہیں کہ ایک غریب کے بچے کو بھی وہ تمام مواقع ملیں جس کے پاس سفارش نہیں ہے یا جو رشوت نہیں کھلاتا۔ مسلم کانفرنس نے اپنے دور میں حلقہ غربی باغ میں محکمہ تعلیم ان پڑھ لوگوں کے ہاتھوں میں دے رکھا تھا جس کی وجہ سے ایک نسل کا تعلیمی نقصان ہوا۔ ابھی بھی تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس کے اتحاد کے بعد حلقہ غربی باغ میں میرٹ کی پامالی عروج پر ہے جس پر جماعت اسلامی کو سخت تشویش ہے اگر ایسی حرکتیں بند نہ کی گئیں تو ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

Comments (0)
Add Comment