آزاد کشمیر میں اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئینگے‘بلدیاتی انتخابات ہر صورت ہونگے‘راجہ منصور

مظفرآباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل و چیرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان نے بلدیاتی انتخابات بارے اپوزیشن کی پریس کانفرسز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتیس سال سے بلدیاتی انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ایک طبقہ آج بھی ہمارے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے۔ آزادکشمیر کی اپوزیشن کی جماعتوں نے پریس کانفرنس کر کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو روکنے کے لیے مختلف حیلے بہانے تراشے ہیں۔ اپوزیشن کے اس غیر جمہوری رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان سے گزارش کرتا ہوں کے اس مائنڈ سیٹ کے خلاف آواز اٹھائیں جو نئی نسل کو بلدیاتی انتخابات کے زریعے اوپر نہیں آنے دے رہا۔ اپنے ردعمل میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی آزادکشمیر راجہ منصور خان نے کہا کہ تمام سیاسی کارکنان بالخصوص اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان اپنی اپنی جماعتوں کے ایسے تمام عناصر کے خلاف بھرپور احتجاج کریں جو اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل نہیں ہونے دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکن مل کر بلدیاتی انتخابات کے راستے میں رکاوٹ کا قلع قمع کریں۔ راجہ منصور خان نے کہا کہ اپنی پی ٹی آئی حکومت سے بھی اپیل کروں گا کے اپوزیشن کی اس طرح کی بلیک میلنگ میں کسی صورت نہ آئیں۔ وزیراعظم سرادر تنویر الیاس خان نے عمران خان کے ویژن اور پی ٹی آئی کے عین منشور کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے تمام لوازمات کو پورا کیا ہے ، اپوزیشن بھی دل بڑا کرے اور نوجوانوں کو اس جمہوری عمل میں حصہ لینے دے۔ راجہ منصور خان نے کہا کہ بہت جلد اپوزیشن کے اس غیر جمہوری رویے کے خلاف احتجاج اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حق میں باہر نکلنے کی کال دیں گے،آزادکشمیر کے باشعور باسیوں کو سخت ردعمل کے لیے تیار رہنا چائیے۔

Comments (0)
Add Comment