دبئی(نمائندہ خصوصی)رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نھیان بن مبارک آل نھیان نے کہا ہےکہ متحدہ عرب امارات میں ایک پرکشش اور لچکدار کاروباری ماحول ہے جو پائیدار ترقی کو یقینی بناتا ہےاور اسے جدید قانون سازی کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قانون سازی جو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) اور کاروباری طریقوں سے متعلق ہے 50 کے منصوبوں کے حصے کے طور پر ملک کی امنگوں کے مطابق ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قانوں سازی متحدہ عرب امارات کوتجارت، سرمایہ کاری اور سرمائے کا ایک بین الاقوامی مرکز بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔ شیخ نھیان بن مبارک نے یہ بات دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کورٹس DIFC کے چیف جسٹس ذکی اعظمی سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات کے دوران شیخ نھیان بن مبارک نے ڈی آئی ایف سی عدالتوں کی جانب سے مالیاتی تنازعات کے جدید طریقہ کار کے مطابق حل کو سراہتے ہوئے کمپنیوں کے حقوق کو یقینی بنانے اور ان کے سرمائے کے تحفظ پر زور دیا۔ ملاقات میں ایکسپو 2020 دبئی میں DIFC کورٹس کے ڈائریکٹر عمر جمعہ المحیری بھی موجود تھے۔