محمد بن راشد نے عربی زبان کے متحدہ عرب امارات اعلامیے کا اجرا کردیا

دبئی، (نمائندہ خصوصی)نائب صدر، وزیر اعظم اوردبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایکسپو 2020 دبئی میں متحدہ عرب امارات کے پویلین میں عربی زبان کے متحدہ عرب امارات کا اعلامیے جاری کیا ۔ یہ اعلامیہ عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر عرب دنیا میں ثقافتی امور کے ذمہ دار وزراء کی کانفرنس کے 22ویں اجلاس کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔اس موقع پر عرب وزرائے ثقافت بھی موجود تھے۔ شیخ محمد نے کہا کہ آج انہوں نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل اور عرب ثقافت کے وزراء کے ساتھ عربی زبان کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی، جس کا اہتمام یو اے ای کی وزارت ثقافت و نوجوانوں نے ایکسپو 2020 دبئی میں کیا تھا۔عربی زبان ایک خوبصورتی، ثقافت اور تہذیب کی زبان ہے اوراس حوالے سے صرف ایک کانفرنس یقینا کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عربی زبان کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے اعلامیے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ ہمارا اعلان ہے کہ ہم اس زبان کے مقام کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کریں جو ہماری شناخت، ثقافت اور سائنس کی نمائندگی کرتی ہے۔ اعلامیہ کے اجرا کے موقع پر دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم، دبئی کے نائب حکمران، نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد المکتوم بھی موجود تھے۔ تقریب میں کابینہ امور کے وزیر محمد بن عبداللہ القرقاوی، ثقافت و نوجوانوں کی وزیر اور عرب دنیا میں ثقافتی امور کے ذمہ دار وزراء کانفرنس کے 22ویں اجلاس کی چیئرنورۃ بنت محمد الكعبي اور وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون اور ایکسپو 2020 دبئی کی ڈائریکٹر جنرل ریم بنت ابراہیم الھاشمی نے بھی شرکت کی۔ عربی زبان کے اعلامیہ پر عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم،عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل أحمد أبو الغيط ،عرب لیگ کی تعلیمی، ثقافتی و سائنسی تنظیم (الیکسو) کے ڈائریکٹر جنرل محمد ولد عماراورنورا الكعبي نے دستخط کیے۔ اعلامیے کا مقصد عرب ممالک میں مختلف اداروں کے لیے ایک متفقہ روڈ میپ تیار کرنا ہے۔ الکعبی نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کو متحدہ عرب امارات کے عربی زبان کے اعلامیہ اور عربی زبان کے تحفظ اور بین الاقوامی سطح پر اس کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے وزارت ثقافت اور نوجوانوں کی کوششوں کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ الکعبی نے کہا کہ عربی زبان کی حیثیت اور مستقبل کے بارے میں رپورٹ کے پہلے ایڈیشن میں زبان کی مناسب منصوبہ بندی اور مشترکہ عرب کارروائی کے ذریعے عرب ممالک کے درمیان زیادہ تعاون اور بہتر ہم آہنگی قائم کی جائے گی۔ آج ہم اس سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات عربی زبان کے اعلامیہ کے تحت عرب ممالک کے حکام کے لیے ایسے اقدامات اور منصوبے شروع کئے جائیں گے جو عربی زبان کو محفوظ رکھتے ہوئے عالمی سطح پر اس کی موجودگی کو فروغ دیں گے اور آنے والی نسلوں میں اس کے استعمال کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔ متحدہ عرب امارات کے عرب زبان کے اعلامیہ میں 10 اصول شامل ہیں پہلے اصول میں کہا گیا ہے کہ عربی زبان ہماری عرب شناخت سے جڑی ہے۔ یہ ہمیں ہماری تاریخ اور ورثے سے منسلک اور معاشرے کی دولت اور تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔ معیاری عربی اور اس کی بولیاں ایک منفرد انداز میں آپس میں ملتی ہیں، جو ہماری تہذیب، ثقافت، ادب اور فنون لطیفہ کی ایک خاص بات ہے۔ دوسرا اصول عربی زبان کی تعلیم اور سیکھنے کے بارے میں ہے۔ اسکولوں میں زبان سکھانے اور سیکھنے کے نئے طریقہ کار کی تیاری اور اسے معاشرے اور معیشت کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی بہترین طریقوں پر مبنی جدید نصاب متعارف کرانے کے لیے خصوصی تحقیقی مراکز کے ساتھ کام کرتے ہوئے عربی زبان کے اساتذہ کے لیے ایسے پروگرام تیار کئے جائیں گے کہ وہ زبان کو سائنسی طریقے سے سکھانے کے لیے ان کی مہارتوں میں اضافہ کرسکیں۔ تیسرا اصول عربی زبان کے مواد کا احاطہ کرتا ہے۔ اعلامیہ میں انٹرنیٹ پر عربی مواد کے معیار کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے کیونکہ اس کا معاشرے کی ترقی پر بہت زیادہ اثر ہے۔ ڈیجیٹل اشاعتی اداروں میں سرمایہ کاری، حکومتوں اور علمی اداروں کے ساتھ مل کر پائیدار اور قابل عمل کاروباری ماڈلز کو اپناتے ہوئے عرب صارفین کو مفید اور قابل اعتماد مواد فراہم کرنا اس کا مقصد ہے۔ چوتھا اصول عربی زبان کی ٹیکنالوجی سے متعلق ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ مستقبل کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے جس میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں عربی کا استعمال شامل ہو۔ یہ تحقیقی مراکز اور کمپنیوں کے درمیان تعاون اور مصنوعی ذہانت، قدرتی زبان کی پروسیسنگ، مشین لرننگ ماڈلز اور لسانی تھیسورس میں سرمایہ کاری کرکے ایک جامع لسانی نظام کی تعمیر سے حاصل کیا جائے گا جو اس متنوع زبان کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ پانچواں اصول عربی زبان سے متعلق صنعتوں کے بارے میں ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ عربی زبان کے استعمال کو فروغ دینے میں تعلیم، میڈیا اور اشاعت پالیسی سازوں اور ماہرین اقتصادیات کے کلیدی شراکت دار ہیں۔ ترقیاتی گرانٹس کو متعارف کرانے اور ایک جدید ترین سرمایہ کاری کا فریم ورک بنانے کی ضرورت ہے جہاں بحری قزاقی کا مقابلہ کرنے اور ان ماڈلز کی کاروباری ترقی، تقسیم اور مارکیٹنگ میں نجی اداروں کے کردار کی حوصلہ افزائی کے لیے املاک دانش کے حقوق کا اطلاق کیا جائے۔ چھٹا اصول ترجمے کی خدمات سے متعلق ہے۔جس کے مطابق علم کی منتقلی، لوکلائزیشن اور تقسیم اور بین الثقافتی ابلاغ میں تراجم کا کلیدی کردار ہے۔ یہ عربی زبان کو نئے تاثرات، کمپوزیشن اور اصطلاحات سے مالا مال کرتا ہے جو معاشرے، معیشت، تعلیم اور میڈیا کو متاثر کرتے ہیں۔ ساتواں اصول عربی زبان اور سائنس سے متعلق ہے۔ وہ زبان جو ماضی میں اپنے معاشروں میں تحقیق و دریافت کا ایک ماخذ رہی ہے ، آج اسے عربی زبان میں جدید علم مہیا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو تشکیل دیا جاسکے۔ سائنس اور تحقیقی مقالوں کے ترجمے میں سرمایہ کاری پر زور دیا گیا ہے تاکہ وہ محققین اور سائنس دانوں کے لیے دستیاب ہو سکیں اور سائنسی نیٹ ورکس کے لیے ان کے کام کا دوسری زبانوں میں ترجمہ کر کے اس تک رسائی حاصل کر سکیں۔ آٹھواں اصول عربی بطور عالمی زبان ہے۔ عربی دنیا میں سب سے زیادہ بولی اور استعمال ہونے والی زبانوں میں سے ایک اور رابطے کی ایک بڑی زبان اور عرب دنیا کی ثقافتی شناخت کا ایک ستون ہے۔ اس اصول میں علمی اداروں اور ثقافتی مراکز کے ساتھ عالمی شراکت داری قائم کرکے اور عالمی سطح پر ان کی تعلیمی کوششوں کی حمایت کرکے ثقافتی تبادلے، فکر اور علم کے لیے ایک گاڑی کے طور پر تقویت دینے پر زوردیا گیا ہے۔ نواں اصول قومی حوالہ جات اور پالیسیاں ہیں۔ عرب معاشروں کو زبانی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، جو حکومتوں اور کمیونٹی اداروں کے ذریعہ تیار کی جائے، تعلیم، میڈیا اور عوامی گفتگو کے ساتھ ساتھ عربی زبان سے متعلق صنعتوں کے شعبوں میں پالیسیوں کا ترجمہ کیا جائے۔ جس کا مقصد مختلف ممالک میں تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون ان کے معیار کے مطابق اس کی پیشرفت کا تخمینہ لگانا ہے۔ دسواں اور آخری اصول عربی زبان کے مستقبل کے حوالے سے ہے کیونکہ عربی زبان بڑوں اور بچوں کی زبان ہے، جو کسی بھی دوسری زندہ زبان کی طرح ترقی کرنے اور تنوع اختیار کرتی ہے۔ یہ مذہب اور ورثے کی زبان ہے، بالکل اسی طرح جس طرح یہ کروڑوں لوگوں کے ذریعہ مواصلات، معیشت، فن اور سائنس کی زبان کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔اعتماد اور یقین کے ساتھ اس کے مستقبل کی تشکیل اس کے ماضی کی بنیاد پر ہے اس کا مقصد چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور ان مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے جن کا آج اس زبان کو سامنا ہے۔

Comments (0)
Add Comment