ابوظہبی(نمائندہ خصوصی)وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اس نے جدید ترین طبی آلات کا استعمال کرتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید448,050 ٹیسٹ کیے ہیں۔ایک بیان میں وزارت نے کہا ہے کہ وہ ملک بھر میں جانچ کا عمل جاری رکھے گی تاکہ کورونا وائرس کے کیسز کاجلد پتہ لگانے اور ضروری علاج کروانے میں آسانی ہو۔ وزارت نےاعلان کیا ہے کہ ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں کرونا کے مزید 2,234 کیسز کی تشخیص ہوئی ہےجس سے متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ شدہ کیسز کی کل تعداد 757,145 ہوگئی ہے۔وزارت کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق مختلف قومیتوں سے ہے۔بیان میں کہا گیا ہےکہ ان کی حالت مستحکم ہے اور ضروری دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ وزارت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوویڈ۔19سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے اور ملک میں اموات کی کل تعداد 2,160 ہے۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ مزید 775 افراد کویڈ۔19 سے مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 743,340 ہوگئی ہے۔