متحدہ عرب امارات کا پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلہ میں 11 اگست کو دبئی میں شاندار تقریب کے انعقاد کا اعلان

دبئی(اے پی پی):متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں 11 اگست کو دبئی میں شاندار تقریب کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ تقریب دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگی جس میں تقریباً دس ہزار افراد شرکت کریں گے۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات کے وزیر رواداری و بقائے باہمی شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے نمائندے اور اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔تقریب ’’امارات پاکستان سے محبت کرتا ہے‘‘کے پیج کے زیر اہتمام ہو گی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، دبئی پولیس اور دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے تعاون سے منعقدہ یہ تقریب متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی اور گہرے تعلقات کو اجاگر کرتی ہے۔قریب میں ثقافتی پرفارمنس، میوزیکل شوز، اور روایتی سرگرمیوں شامل ہوں گی جو متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے بھرپور ورثے اور شراکت کی عکاسی کریں گی۔یہ تقریب متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی تعاون اور رواداری کے فروغ اور ہم آہنگی پر مبنی ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ یہان مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے پرامن طریقے سے ایک ساتھ رہ سکیں۔متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، جن کی بنیاد امارات کے بانی رہنما شیخ زاید بن سلطان النہیان مرحوم نے1971 میں رکھی تھی ۔آج دونوں برادر مسلم ممالک کے باہمی تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں جن کو اسٹریٹجک شراکت داری اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون سے فروغ مل رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سب سے بڑا سرمایہ کار ہے، جس نے حال ہی میں پاکستان کے معاشی شعبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment