ابو ظہبی(اے پی پی):متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت نے یکم ستمبر سے 31 اکتوبر 2024 تک ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے تناظر میں ابوظہبی میں پاکستان کا سفارت خانہ اور دبئی میں پاکستان کا قونصلیٹ جنرل ہر ممکن معاونت فراہم کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہری اس امر کو یقینی بنائیں کہ وہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی ایمنسٹی سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلے میں سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل نے توسیعی دفتری اوقات اور آئوٹ پاس کی سہولت سمیت مختلف اقدامات کئے ہیں ۔توسیعی دفتری اوقات کے تحت قومی شناختی کارڈز ، پاسپورٹ سیکشنز اور تصدیق کی خدمات اکتوبر 2024 کے آخر تک ہفتہ کے روز کھلی رہیں گی تاکہ ان درخواست دہندگان کو ایڈجسٹ کیا جا سکے جنہیں اپنے دستاویزات کی تجدید، اپ ڈیٹ یا توثیق کرنے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء آئوٹ پاس سیکشنز ان لوگوں کے لیے آئوٹ پاس/ہنگامی سفری دستاویز کے اجراء کے لیے دستیاب ہیں جو پاکستانی شہری ہیں اور ان کے پاس پاکستان واپسی کے سفر کی سہولت کے لیے پاسپورٹ نہیں ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا سفارت خانہ اور قونصلیٹ جنرل اس عرصے کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی مدد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور تمام اہل پاکستانی شہریوں سے درخواست کی گئی کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے پیش کردہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔مزید معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے سفارت خانے/قونصلیٹ سے رابطہ یا سرکاری ویب سائٹس سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں سفارت خانہ کے 971501248934 +اور قونصلیٹ کے 971566472721 +نمبروں پررابطہ کیا جا سکتا ہے۔