ابوظہبی، (نمائندہ خصوصی) متحدہ عرب امارات کے شعبہ تعلیم کے سرکاری ترجمان هزاع المنصوري نے اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لیے ریموٹ لرننگ سسٹم میں 17 سے 21 جنوری تک مزید ایک ہفتہ کی توسیع اور ذاتی حیثیت میں شرکت کے ساتھ تمام امتحانات 28 جنوری تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کووڈ19 وبا کے حوالے سے سرکاری میڈیا بریفنگ کے دوران متحدہ عرب امارات کے شعبہ صحت کی سرکاری ترجمان ڈاکٹر نورة الغيثي نے کمیونٹی کی جانب سے کووڈ19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات نے شروع سے ہی وبا سے نمٹنے کے حوالے سے ایک اہم ماڈل پیش کیا ہے جو عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اوروبا سے بحالی کو تیز کرنے کے لیے ملکی قیادت کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ حکام کے درمیان قریبی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ صحت تمام اہل افراد کی ویکسینیشن سے مدافعت ٰ حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ کہ 100 فیصد آبادی کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے جبکہ 92.76 فیصد مکمل طور پر ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر الغیثی نے کہا کہ ویکسین کی ابتدائی اور بوسٹر ڈوز دونوں، انفیکشن، ہسپتال میں داخلے اور اموات کی شرح کو کم کرنے اور مختلف وائرس کی مختلف اقسام کے پھیلاؤ کو روکنے میں نمایاں طور پر مدد کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اہل افراد خاص طور پر بزرگ اور دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں پر زور دیا کہ وہ بوسٹر خوراک لگوائیں ، کیونکہ اس سے وائرس اور اس کی مختلف اقسام پر قابو پانے کی قومی کوششوں کو کامیاب کرنے میں مدد ملے گی۔ المنصوری نے وزارت تعلیم کے طریقہ کار اور کووڈ19 سے بچاؤ کے اقدامات سے متعلق تازہ ترین ہدایات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شعبہ تعلیم تیار ہے اور اس نے وبا کی صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے تعلیمی عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء، اساتذہ اور انتظامی عملے کی تعلیمی اداروں میں محفوظ واپسی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وبائی صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لیے ریموٹ لرننگ سسٹم میں 17 سے 21 جنوری تک ایک ہفتے کے لیے توسیع اور اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لیے ذاتی حیثیت میں شرکت کے ساتھ امتحانات 28 جنوری تک ملتوی کیے گئے ہیں۔ المنصوری نے کہا کہ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے تعلیمی اداروں پر ہوگا، مقامی حکام اور ٹیموں کو اس فیصے پر عملدرآمد کا اختیار دیا گیا ہے ۔