متحدہ عرب امارات میں مزید 2,616 نئے کورونا کیسز کی تصدیق، چار افراد ہلاک

ابوظبی، (نمائندہ خصوصی)وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملکم بھر میں کرونا کی تشخیص کیلئے مزید 300,893 ٹیسٹ کیے گئےہیں۔ایک بیان میں وزارت کا کہنا ہے کہ جدید ترین طبی جانچ کے آلات کا استعمال کرتے ہوئے ملک بھر میں جانچ کاعمل جاری ہےتاکہ کورونا وائرس کے کیسز کا جلد پتہ لگانے اور ضروری علاج کروانے میں آسانی ہو۔ وزارت کے مطابق ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں 2,616 نئے کورونا وائرس کیسز کی تصدیق ہوئی جس سے متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ شدہ کیسز کی کل تعداد 793,314 ہوگئی ہے۔وزارت کے مطابق متاثرہ افراد مختلف قومیتوں سے ہیں، ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری دیکھ بھال فراہم کی جا رہی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ COVID-19 پیچیدگیوں کی وجہ سے چار افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس سے ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 2,181 ہوگئی۔وزارت صحت نے مرنے والوں کے اہل خانہ سےدلی تعزیت کا اظہار کیا اور COVID-19 کے مریضوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعاکی۔ وزارت نے معاشرے کے تمام ارکان پر زور دیا کہ وہ صحت کے حکام کے ساتھ تعاون کریں، ہدایات اور جسمانی فاصلے پر عمل کریں تاکہ سب کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارت نے بتایا ہے کہ مزید 982 افراد کوویڈ۔19 سے مکمل طور پر صحت یاب ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 755,670 ہوگئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment