کوویکس نے کووڈ19 ویکسینز کی 1ارب خوراکیں فراہم کردیں

جنیوا، (ویب ڈیسک)۔ دنیا بھر کووڈ19 ویکسین کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے عالمی اقدام (کوویکس) کے تحت ویکسینز کی ایک ارب خوراکوں کی فراہمی مکمل کر لی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی طرف سے اتوار کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 15 جنوری کو، روانڈا کو کووڈ19 ویکسینز کی 11لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ کی فراہمی کے ساتھ کوویکس کی جانب سے ایک ارب خوراکوں کی فراہمی مکمل کی گئی۔ کوویکس اقدام کی کولیشن فار ایپیڈیمک پریپرڈنس انوویشنز(سی ای پی آئی) گاوی(دی ویکسین الائنس) اور عالمی ادارہ صحت مشترکہ طور پر قیادت کررہے ہیں، جس میں اقوام متحدہ کے بچوں کا فنڈ( یونیسیف) کلیدی ڈیلیوری شراکت دارہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ ہمارے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کوویکس تاریخ کے سب سے بڑے ویکسین خریداری اور سپلائی آپریشن کی قیادت کر رہا ہے، جس میں آج تک 144 ممالک کو ویکسینز سپلائی کی گئی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 13 جنوری 2022 تک، ڈبلیو ایچ او کے194 رکن ممالک میں سے، 36 ممالک نے اپنی آبادی کے 10 فیصد سے بھی کم اور88 ممالک نے 40 فیصد سے کم افراد کی ویکسی نیشن کی ہے۔ امیر ممالک میں ویکسینز کی ذخیرہ اندوزی اور وبا کے پھیلنے سے سرحدوں اور سپلائی چین کے بند ہونے کی وجہ سے کوویکس کی کوششوں کو دھچکا لگا۔ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی طرف سے لائسنس، ٹیکنالوجی اور جانکاری کے اشتراک کی کمی کی وجہ سے پیداواری استعداد استعمال میں نہ لائی جاسکی۔ کوویکس حکومتوں، مینوفیکچررز اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ ممالک ویکسین موصول ہوتے ہی لوگوں تک تیزی سے پہنچا سکیں۔

Comments (0)
Add Comment