متحدہ عرب امارات اور اقوام متحدہ کاپائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے اجتماعی عالمی کوششوں پر تبادلہ خیال

دبئی، (نمائندہ خصوصی) امور خارجہ و بین الاقوامی تعاون کے وزیر شیخ عبداللہ بن زاید آلنھیان نے ایکسپو 2020 دبئی میں اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آمنہ محمد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور اقوام متحدہ کے درمیان مشترکہ تعاون اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے اجتماعی بین الاقوامی کوششوں کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں رہنماوں نے ایکسپو 2020 دبئی میں اقوام متحدہ کے تعاون سے گلوبل گولز ویک کی میزبانی کا بھی جائزہ لیا۔ یہ پہلی بار ہے کہ سالانہ تقریب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے دور منعقد کی گئی ہے۔ اس تقریب کا مقصد سب کے لیے بہتر اور زیادہ مساوی مستقبل کے لیے پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب اجتماعی پیشرفت کو فروغ دینا ہے۔ ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مستحکم کرنے میں ایکسپو 2020 دبئی کے کردار پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ شیخ عبداللہ نے آمنہ محمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں متحدہ عرب امارات اور اقوام متحدہ کے درمیان اس ممتاز اور نتیجہ خیز شراکت داری پر زور دیا جس کی بنیاد پائیدار ترقی کے لیے عالمی کوششوں کو فروغ دینےکے لیے اقوام متحدہ کے اہم کردار پر ہے۔

Comments (0)
Add Comment