دبئی ایکسپو 2020 کے پاکستان پویلین میں “پاکستان فلم ویک ” کا آغاز , افتتاح فواد چوہدری نے کیا

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان پویلین میں ہونے والے فلم ویک میں گیارہ پاکستانی فلموں کی نمائش کی جائے گی اور فلم ویک کے پہلے روز علی ظفر کی کامیاب مووی “طیفا ان ٹربل” ناظرین کیلئے پیش کی گئی۔وزارت اطلاعات وثقافت حکومت پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان فلم ویک کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت فلم اور سپورٹس کو بطور انڈسٹری فروغ دینا چاہتی ہے اس لئے فلموں کے فروغ کیلئے فی الحال 30 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ انھوں نے آفر دی کہ نوجوان اچھے اور انمول فلم آئیڈیاز پیش کریں تو یہ رقم اُن کو فلم پروڈکشن کیلئے فراہم کی جائے گی۔ فواد چوہدری نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومت نے فلم مشینری کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ دے دی ہے۔ سینما میں بجلی کو ٹیکس فری کردیا گیا ہے اور فلم کی کمائی پر بھی ٹیکس ختم کردیا ہے۔ انھوں نے سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ فلم انڈسٹری پر انوسٹمنٹ کریں اور منافع کمائیں۔ انھوں مزید کہا کہ پاکستانی ڈراموں کو بھی پاکستان پویلین میں د کھانے کی کوشش کریں گے تاکہ دنیا میں پاکستان کے ڈرامہ انڈسٹری بھی سامنے آسکے۔پاکستان پویلین کی تعریف کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 کے خوبصورت گلدستے میں وطن عزیز کا پویلین ایک نگینے کی مانند ہے۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود نے کہا کہ فلم ویک سے پاکستان کے آرٹ اور کلچر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ فلم سٹار علی ظفر اور حریم فاروق نے بھی فلم ویک کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلمیں اب دنیا بھر میں نام پیدا کررہی ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ فلم پروڈکشنز پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے پاکستان کی بین الاقوامی مارکیٹ میں شناخت بھی پیدا ہوگی اور ملک کو زرمبادلہ بھی مل سکے گا۔پاکستان فلم ویک کی تقریب میں خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او حسن داود بٹ ،پریس قونصلر محترمہ شازیہ سراج اور پاکستان پویلین کے منتظمین بھی شریک تھے-

Comments (0)
Add Comment