جنسی زیادتی کیس میں گرفتار معروف فٹبالر کو فیفا22 گیم سے نکال دیا گیا

لندن: 18 سالہ طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر میسن گرین ووڈ کو ویڈیو گیم فیفا 22 سے بھی نکال دیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کے اسٹرائیکر میسن گرین ووڈ کو اتوار کی رات پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ معروف اسٹرائیکر پر 18 سالہ گرل فرینڈ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور تشدد کرنے کا الزام تھا۔20 سالہ میسن گرین ووڈ کی گرل فرینڈ ہیئرٹ روبسن نے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں جس میں ان کے منہ سے خون نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہیئرٹ روبسن نے فٹبالر پر جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔جنسی زیادتی کا کیس سامنے آنے پر فٹبال کی دنیا کے بڑے ناموں ڈیوڈ ڈی گی، کرسٹیانو رونالڈو اور پال پوگبا نے میسن گرین ووڈ کو انسٹاگرام سے ان فالو کردیا تھا اور اب فیفا22 ویڈیو گیم سے میسن گرین ووڈ کو نکال دیا گیا ہے۔ویڈیو گیم کی میسن گرین ووڈ کی ٹیم ان کے بغیر ایکشن میں نظر آئے گی۔ حالیہ ڈیٹا بیس اپ ڈیٹ کے بعد میسن اب ایکس باکس، پلے اسٹیشن اور پی سی کے گیمز میں بھی موجود نہیں ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ میسن گرین ووڈ جمعرات تک ان کی تحویل میں رہیں گے۔ تفتیشی عمل جاری ہے تاہم اگر جنسی زیادتی ثابت ہوگئی تو معروف اسٹرائیکر کا کیریئر ختم ہونے کا امکان ہے۔

Comments (0)
Add Comment