حمدان بن محمد کی پرنس ولیم سے ایکسپو دبئی میں ملاقات

دبئی، دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ڈیوک آف کیمبرج پرنس ولیم سے ملاقات کی جو ان دنوں ایکسپو 2020 دبئی میں برطانیہ کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے پہلے سرکاری دورے پر شہزادہ ولیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے شیخ حمدان بن محمد نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ شیخ حمدان نے عالمی ماحولیاتی تحفظ میں شہزادہ ولیم کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف اقدامات کے ذریعے ان کے تعاون کی تعریف کی جس سے اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات اور ملک کی حیاتیاتی تنوع کا تحفظ متحدہ عرب امارات کی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ دبئی کے ولی عہد نے کہا کہ یونائیٹڈ فار وائلڈ لائف اقدام، جو پرنس ولیم نے ڈی پی ورلڈ کے تعاون سے شروع کیا ہے پائیداری کو فروغ دینے، کرہ ارض کے نباتات اور حیوانات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کے لیے دبئی اور متحدہ عرب امارات کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ شیخ حمدان اور شہزادہ ولیم نے پائیداری کو فروغ دینے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے متحدہ عرب امارات کی کوششوں بشمول امارات کی جنگلی حیات اور خطرے سے دوچار انواع کے تحفظ کے لیے قدرتی ذخائر کی تخلیق پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دبئی کے سمندری ماحول کو محفوظ رکھنے کے عزم پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات کے بعد شیخ حمدان اور شہزادہ ولیم نے متحدہ عرب امارات کے پویلین کا دورہ کیا جو امارات کی ثقافت اور ورثے اور اس کے پائیدار اقدامات کا عکاس ہے۔متحد ہ عرب امارات کے پویلین کو جرات مندانہ اور بہادر جذبے کی علامت کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پویلین کی طرف سے فراہم کردہ ایک عمیق تجربہ زائرین کو متحدہ عرب امارات کی منفرد تاریخ اور مستقبل کی خواہشات کے بارے آگاہ کرتاہے۔

Comments (0)
Add Comment