محمد بن راشد اور ترک صدر کا سٹریٹجک شراکت داری کے مستقبل پر تبادلہ خیال

دبئی(ویب ڈیسک)نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایکسپو 2020 دبئی میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ ترک صدر جو اس وقت متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں نے ایکسپو 2020 دبئی میں اپنے ملک کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی۔ شیخ محمد نے صدر اردگان اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا دبئی کے نائب حکمران، نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم اور نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید النہیان کے ہمراہ خیرمقدم کیا۔ شیخ محمد نے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں ترکی کی شرکت دونوں ممالک کو اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے باہمی دوروں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو تقویت ملے گی۔ شیخ محمد اور صدر اردگان نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے مستقبل اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کے لیے نجی شعبے کو شامل کرنے کے طریقوں پر بھی غورکیا۔ ملاقات میں خاص طور پر دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن میں سرمایہ کاری، صحت کی دیکھ بھال، زراعت، نقل و حمل، صنعت، جدید ٹیکنالوجی، آب و ہوا، ثقافت اور نوجوانوں کے امور شامل ہیں۔ عزت مآب شیخ محمدنے متحدہ عرب امارات کی جانب سے تعاون کے ایک نئے مرحلے کے آغاز کی خواہش کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کے مفادات کو پورا کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے ٹیکنالوجی، اختراع، خلائی، مصنوعی ذہانت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں انسانی وسائل اور ہنر کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ تکنیکی اور اقتصادی تعاون اور مہارت کے تبادلے کو بڑھانے کیلئے ملکر کام کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ شیخ محمد نے صدر اردگان کی قیادت میں ترکی کے علاقائی اور بین الاقوامی پوزیشن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ترکی کے درمیان تعاون پورے خطے میں سلامتی اور استحکام کو مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا جس سے سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ملاقات میں تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے نئے اقدامات پر اپنے خیالات کاتبادلہ خیال کیا جو پورے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ صدر رجب طیب اردگان نے متحدہ عرب امارات میں پرتپاک استقبال کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا جو دونوں ممالک کے باہمی مفادات کو پورا کرے گا۔ ترک صدر نے ایکسپو 2020 دبئی کی غیر معمولی تنظیم پر متحدہ عرب امارات کو مبارکباد دی۔ ملاقات کے بعد شیخ محمد بن راشد نے ترک صدر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر، دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین، ایمریٹس ایئرلائن اور گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو اور ایکسپو 2020 دبئی ہائر کمیٹی کے چیئرمین عزت مآب شیخ احمد بن سعید آل مکتوم، دبئی میڈیا کونسل کے چیئرمین شیخ احمد بن محمد بن راشد آل مکتوم،دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین شیخ منصور بن محمد بن راشد المکتوم، رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نھیان بن مبارک آل نھیان اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment