سعودی ویمن فٹبال ٹیم تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل میچز کھیلنے مالدیپ پہنچ گئی

مالے: سعودی عرب کی خاتون فٹبال ٹیم تاریخ میں پہلی بار انٹرنیشنل میچز کھیلنے مالدیپ پہنچ گئی جہاں ان کا پہلا مقابلہ افریقی ملک سیشیلز کی ویمن ٹیم سے ہوگا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ سعودی ویمن فٹبال ٹیم انٹرنیشنل میچز میں حصہ لے رہی ہے، ٹیم مالدیپ پہنچ چکی ہے، 20 فروری کو پہلا ٹاکرا سیشیلز سے ہوگا اور چوبیس فروری کو سعودی ٹیم مالدیپ کی خاتون فٹبال ٹیم سے ٹکرائے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی ویمن فٹبال ٹیم آج مالدیپ پہنچی ہے۔ مونیلا اسٹیب بحیثیت کوچ اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں نبھا رہی ہیں۔انہوں نے میچز میں حصہ لینے والی سعودی کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کی ہے جن میں مونا عبدالرحمان گول کیپر ہوں گی، مشیل ال ہربی کو ٹیم میں ڈیفنس کے لیے رکھا گیا ہے۔اسی طرح صبا توفیق مڈفیلڈ میں ہوں گی جبکہ تہانی ال رہرانی کو اٹیک کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسرار ال شابانی، دالیا ابو لبان اور فہدا سمیت دیگر کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔سعودی ویمن ٹیم فٹبال کی عالمی تنظیم(فیفا) میں رکن ملک کے طور پر شامل ہونے کے لیے کوشاں ہے، مذکورہ انٹرنیشنل میچز انہیں فیفا کلاسی فکیشن میں مدد فراہم کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment