ابوظہبی، (نمائندہ خصوصی)ابوظبی کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ٹیلی فون پر وسیع تر بات چیت کے تناظر میں متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے بھی اس حوالے سے گفتگو کی ۔ روس کے صدر نے شیخ محمد بن زاید کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور پٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (OPEC) کے ساتھ روسی تعاون کی روشنی میں توانائی کی منڈی کی ترقی اور استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عزت مآب شیخ محمد بن زاید کو روسی صدر نے یوکرین میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ شیخ محمد نے اس بحران کے ایسے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا جس میں تمام فریقین کے مفادات اور قومی سلامتی کو برقرار رکھا جائے۔ شیخ محمد نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات جاری بحران کا پائیدار سیاسی حل تلاش کرنے میں مدد کے لیے متعلقہ فریقوں کے ساتھ اپنے رابطے جاری رکھے گا۔