متحدہ عرب امارات کا یوکرین کے متاثرہ شہریوں کے لیے 50لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان

ابوظہبی، (نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارات نے یوکرین میں جاری صورتحال سے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے 50لاکھ امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی اپیل اور یوکرین کے لیے علاقائی پناگزین ردعمل منصوبے کے لیے دی گئی ہے جو جنگ کے ماحول میں انسانی یکجہتی کے حوالے سے یو اے ای کی کوششوں کی عکاسی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے 28 فروری کو یوکرین میں انسانی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران یوکرین میں شہریوں کے لیے بگڑتی ہوئی صورتحال میں ان کے تحفظ کو یقینی بنانے،امدادی اداروں اور کارکنوں کو بلارکاوٹ رسائی دینے اور بغیر کسی امتیاز یا رکاوٹوں کے ملک چھوڑنے کے خواہاں افراد کو محفوظ راستہ دینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یکم مارچ 2022 کو یوکرین میں اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کے لیے مالی امداد کی باضابطہ اپیل کی تھی۔

Comments (0)
Add Comment