دبئی (سٹاف رپورٹر ) دبئی میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اوورسیز پاکستانیوں کے فورم “گرینڈ اوورسیز کلب” کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ اوورسیز پاکستانی وطن سے دور اپنے مسائل قانونی طریقے سے بذریعہ “ ون ونڈو — اوورسیز اسمارٹ ایپ ” سے حل کرسکیں۔ چوہدری محمد سرور “گرینڈ اوورسیز کلب” کی دبئی میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں کلب کے متحدہ عرب امارات کیلئے نو منتخب صدر ملک منیر اعوان اور کلب کے نو منتخب جونیئر نائب صدر پاکستان ہاکی کے سابق اسٹار جعفر حسین بھی شریک ہوئے ۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ گرینڈ اوورسیز کلب کی باقاعدہ لانچنگ تقریب رواں سال 14 اگست کو ہوگی اور اس کلب کی شاخیں 60 سے زائد ممالک میں ہوں گی۔ انھوں نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کا زرمبادلہ ہی وطن عزیز کو “آئی آیم ایف” اور دیگر مالیاتی اداروں کے قرض سے مکمل نجات بھی دلا سکتا ہے اسی لئے “ گرینڈ اوورسیز کلب” وقت کی ضرورت ہے تاکہ 30 ارب ڈالرز بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل فوری طور پر حل کئے جاسکیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ گرینڈ اوورسیز کلب کا خیال “مسجد نبوی ﷺ “ میں عبادت کے دوران آیا جب مسجد میں اوورسیز پاکستانیوں نے وطن میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا تو انھوں نے عزم کیا کہ تارکین وطن کے مسائل کے حل کیلئے ایک لیگل فریم ورک اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اوورسیز فورم ہونا ضروری ہے ۔انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اسمارٹ فون پر بس ایک کلک کے ذریعے شکایات درج کراسکیں گے اور ان شکایات کے اندارج کے بعد، فوری طور پر “گرینڈ اوورسیز کلب” نہ صرف سرگرم ( ایکٹو) ہوجائے گا بلکہ مسائل کا شکار تارکین وطن کو قانونی رہنمائی بھی فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ کیس کا مکمل فالو اپ کیا جائے گا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جلد “گرینڈ اوورسیز کلب” کی ویب سائٹ، اسمارٹ فون ایپ اور ڈیجیٹل سوشل میڈیا اکاوئنٹس لانچ کردئیے جائیں گے۔ انھوں نے عزم کا اظہار کیا کہ گرینڈ اوورسیز کلب دراصل تارکین وطن اور پاکستانی اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ خود ہمیشہ اوورسیز پاکستانی رہیں ہیں اس لئے بیرون ملک بسے پاکستانیوں کے مسائل سے باخوبی واقف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے بحیثیت گورنر پنجاب بھی ہمیشہ کوشاں رہیں ہیں اور اب بھی رہیں گے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی ساتوں ریاستوں کے نومنتخب صدور اور دیگر عہدیدارن کا بھی اعلان کیا گیا۔ بزنس مین گلفام خان کو گرینڈ اوورسیز کلب امارات کا نائب صدر، یاسر تنولی کو جنرل سیکرٹری اور علی جدون کو ممبر شپ کمشنر منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر ممالک کے اوورسیز چیپٹرز کے عہدیدران کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔