دبئی (نمائندہ خصوصی)ویمن ونگ پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات کی جانب سے “جتنا بڑا خواب اتنا بڑا انسان“کے عنوان کے تحت خواتین کا سیمینار منعقد کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی حمیرا نسیم ویمن سیکریٹری دبئی نے کی۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سعدیہ طارق ویمن سیکریٹری ام القوین نے ادا کئے ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے عاصمہ فاطمہ نے کیا۔تقریب میں فرزانہ چغتائی نائب صدر پی ٹی آئی یو اے ای، عنبرین علی، ماجدہ خانم، ماہرہ اسد، عمارہ آفتاب، حِنا عباسی،عصما رضا ، مدیحہ مسعود اور حمیرا بشیر اور دیگر پی ٹی آئی اے تعلق رکھنے والی خواتین نے تقریب میں شامل تھیں۔
تقریب کے شرکاء کے لیے جتنا بڑا خواب اُتنا بڑا انسان کے عنوان کو مدِنظر رکھتے ہوئے ویژن بورڈ بنانے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں خواتین اور خصوصی طور پر یوتھ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے اپنے خوابوں کو حقیقت کی شکل دینے کی بنیاد رکھی۔ مقررین نے کہا کہ بڑے خواب دیکھنے کے بعد آپ بڑے بڑے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں جیسا کہ علامہ اقبال نے خواب دیکھا اور قائداعظم نے اس خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے جدوجہد کی اور آج ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں ۔ عمران خان نے خواب دیکھے تو آج شوکت خانم ہسپتال اور نمل جیسے بے مثال کامیاب ادارے بنائے اور جب پاکستانی سیاست میں تبدیلی کا خواب دیکھا تو 22 سالہ جدوجہد کے بعد وہ ایک ہجوم کو قوم بنانے کی راہ پر گامزن ہیں۔ فرزانہ چغتائی نے کہا کہ خواتین کو متحرک کردار ادا کرنا ہو گا کوئی معاشرہ بھی خواتین کی بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پی ٹی آئی خواتین کو سیاست میں بھی کردار ادا کرنے کی حامی ہے اور پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات کی آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریب کے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا تھا، تمام شرکاء نے حمیرا نسیم ویمن سیکریٹری پی ٹی آئی دبئی کا کامیاب پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔