پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کا سیلاب زدگان کی امداد کے لیے 50 کنٹینر بھجوانے کا اعلان

دبئی (نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی فلاحی تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن دبئی(پیڈ ) کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہاکہ پاکستان جنوبی ایشیائی ممالک میں اب تک آنے والے بدترین سیلاب کی زد میں ہے- جس میں ہزاروں لوگ اپنی جانیں کھو چکے ہیں جبکہ مالی نقصان بھی بیحد ہوا ہے- لاکھوں سیلاب زدگان آج بھی بے یار و مدد گار انتہائی کسمپرسی کی حالت میں کھلے آسمان تلے پڑے ہیں- ان کے پاس نہ تو سر چھپانے کی جگہ ہے، نہ ہی روزمرہ کے استعمال کی اشیاء اور نہ ہی بیماریوں کے خلاف دفاع کے لیے ادویات ہیں- بہت سے لوگوں نے سیلاب میں اپنا بہت کچھ کھو دیا ہے- سیلاب زدگان بے آسرا اور امداد کے مستحق ہیں لہذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے مصیبت زدہ ہم وطنوں کے لیے کچھ کریں- مصیبت کی اس گھڑی میں بیرون ملک مقیم پاکستانی ہر دم اپنے ہم وطنوں کےساتھ ہیں اور ان کے لیے حتی المقدور امدادی کوششیں کر رہے ہیں اور انفرادی و اجتماعی طور پر مختلف النوع سامان اور نقد رقوم بھجوا رہے ہیں- متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ سعودی عرب، قطر، ترکی، امریکہ، چین، بنگلہ دیش اور دیگرممالک بھی امدادی اشیاء بھجوا رہے ہیں- متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی فلاحی تنظیم پاکستان ایسوسی ایشن دبئی ہر بار کی طرح اس بار بھی اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش ہے-پیرکو ایک ملاقات کے دوران ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ PAD میں امدادی سامان جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر اقوام عالم کے لوگ بھی امدادی سامان اور نقد رقوم جمع کروا رہے ہیں- ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ ہم نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے پچاس (50) کنٹینر بھجوانے کا پروگرام بنایا ہے جس کے لیے سامان اکٹھا کیا جا رہا ہے- انہوں نے امدادی سامان بطور عطیہ دینے والوں سے کہا ہے کہ وہ پرانی اور استعمال شدہ اشیاء کی بجائے نئی اور غیر استعمال شدہ اشیاء ہی جمع کروائیں- سیلاب زدگان کی امداد کے لیے خیمے، گدے، بستر، سلیپنگ بیگ، کمبل، بستر، چادریں، مچھر دانی، خشک راشن مختلف قسم کی دال، چاول، نئے کپڑے، جوتے، موزے؛ حفظان صحت کے لوازمات جیسے صابن، ٹوتھ پیسٹ، ٹوتھ برش، تولیے، سینیٹائز، خواتین کی انڈر گارمنٹس، سنیٹری پیڈز، ادویات وغیرہ صحیح طریقہ سے پیک کر کے جمع کرائی جا سکتی ہیں- ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ ہم حکومت امارات کے بھی بے حد مشکور ہیں جو ہمارے ساتھ ہر طرح سے تعاون کر رہے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں- پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (PAD) نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم دارالبر سوسائٹی اور اسلامی امور اور خیراتی سرگرمیوں کے محکمے کے تعاون سے شروع کی ہے جس کے خاطر خواہ نتائج نکل رہے ہیں- ڈاکٹر فیصل اکرام نے امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حصّہ کا فرض ادا کریں اور اپنے مصیبت زدہ بھائی، بہنوں اور بچوں کے لیے ضروری امداد بھجوائیں- اس سلسلہ میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے احاطے میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کنے کی مہم جاری ہے جس میں حصہ لیا جا سکتا ہے- امارات ریڈ کریسنٹ(ERC) اور متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ سیلاب نے متاثرہ لوگوں کو امدادی سامان، پناہ گاہ کا سامان، انسانی امداد، خوراک اور ادویات بھی بھجوائی ہیں- ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کو امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن اور پاک فوج کے ذریعہ تقسیم کی جا رہی ہیں-

Comments (0)
Add Comment