اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سکھ رہنما سردار پرتاب سنگھ کا کشمیر ریلی سے خطاب میں کہنا ہے کہ دنیا بھر کے سکھ کشمیریوں کے ساتھ ہیں کیونکہ گولڈن ٹیمپل سے سکھوں کو کشمیریوں کی مدد کرنے کی ہدایت مل گئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں 19 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف آج بھی پاکستان سمیت دنیا بھر کے کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف اور نہتے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑی ریلی نکالی گئی جس میں اقلیتی برادریوں اور نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی۔ریلی میں بچوں، بوڑھوں اور مرد وخواتین سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگ موجود تھے جنہوں نے یک زبان ہوکر کشمیریوں پر مودی سرکاری کے ظلم وبربریت کی شدید مذمت کی۔ریلی سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد خان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے لیکن کشمیری جذبہ ایمانی کے ساتھ بھارتی مظالم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کشمیر میں منظم نسل کشی کر رہی ہے، کشمیری خواتین کی عزتیں پامال کی جا رہی ہیں، بھارتی افواج بزدل ہیں، رات کے اندھیرے میں کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر نوجوانوں اور بچوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔ریلی سے خطاب میں سکھ برادری کے نمائندے سردار پرتاپ سنگھ کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نہتے اور مظلوم کشمیریوں پر ظلم بندکرے، ہم کشمیر بھی واپس لیں گے اور اب خالصتان بھی بنے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے سکھ کشمیریوں کے ساتھ ہیں کیوںکہ گولڈن ٹیمپل سے سکھوں کو کشمیریوں کی مدد کرنے کی ہدایت مل گئی ہے، مودی کو پیغام دینا چاہتا ہوں جلد ہی پاکستان اور خالصتان کا پرچم دہلی پر لہرائیں گے اور ہر ایک ظلم کا حساب ہوگا۔ بشپ ندیم کا ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو لگاکر قتل عام کیا جارہاہے، مسیحی برادری پاکستان پر جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔