پاک فوج تیار، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مکمل نظر ہے، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی محاذ پر کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بات آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشن ہیڈ کوارٹرز گلگت کے دورہ کے موقع پر کہی، انہوں نے اس موقع پر یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور افسروں سمیت جوانوں کے بلند مورال کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افواج پاکستان کی تیاریاں اور پیشہ وارانہ مہارت قابل تعریف ہے،سخت موسم اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ پر جوانوں کا حوصلہ بلند ہے، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک فوج تیار ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر مکمل نظر ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین ہفتوں سے جاری بھارتی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی قابض مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم، پابندیاں، کرفیو اور وادی کی حیثیت تبدیل کرنے کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔پیرس میں یوینسیکو ہیڈکوارٹر کے باہر پاکستانی، کشمیری اور سکھ برادری نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف احتجاج کیا۔جتنی دیر نریندر مودی کا یونیسکو ہیڈکوارٹر میں خطاب ہوتا رہا،اتنی دیر مظاہرین دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھاتے رہے۔اس دوران مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر خالصتان کے قیام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرین نے کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پر تبدیل کیے جانے کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کو جابرانہ اقدام واپس لینے پر مجبور کرے۔ادھر برمنگھم میں بھی بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرین نے پْر زور احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔دوسری جانب ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا گیا۔استنبول میں بھی بھارتی قونصل خانے کے سامنے سیکڑّوں افراد نے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پر تبدیل کی ہے جو نامنظور ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ
Comments (0)
Add Comment