بلوچستان کے تین اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، ووٹوں کی گنتی جاری

کوئٹہ: بلوچستان کے تین اضلاع پشین، حب اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ کے بعد اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو بغیر کسی وقفے شام پانچ بجے تک جاری رہی، حساس پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ سیکیورٹی دگنا رکھی گئی۔

ضلع حب اور لسبیلہ میں مجموعی طور پر 259 پولنگ اسٹیشن اور 690 پولنگ بوتھ بنائے گئے۔ لسبیلہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 703 ہے جبکہ حب میں رجسٹرڈ ووٹرز ایک لاکھ 35 ہزار 620 ہیں۔
ضلع پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی میں انتخابات کے لیے 13 پولنگ اسٹیشن اور 30 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ پشین کی تحصیل حرمزئی میں ووٹرز کی تعداد 10ہزار 890ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 6151 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 4739 ہے۔

میونسپل کمیٹی حرمزئی میں مجموعی طور پر 79 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔

Comments (0)
Add Comment