ایک ہی دن میں روپے کی بڑی چھلانگ، ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی

کراچی (نیوز ڈیسک)ایک ہی دن میں روپے کی بڑی چھلانگ، ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے تک کی کمی، قیمت 157 روپے 40 پیسے کی سطح پر آگئی، 2 ماہ کے دوران روپے کی قدر میں 4 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی روپے کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ 2 ماہ کے دوران روپے کی قدر میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ گزشتہ 2 ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 4 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کے تحت ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کی پالیسی ترک کر دی تھی جس کے بعد خدشہ تھا کہ ڈالر 200 روپے کی سطح تک پہنچ سکتا ہے۔تاہم حکومت کی موثر پالیسیوں کے باعث ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہونے کی بجائے کمی ہوئی ہے، جو یقینی طور پر حیران کن ہے۔اب بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز بھی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوئی ہے۔ منگل کے روز اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید 40 پیسے سستا ہوگیا۔ انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے کمی کے بعد 157 روپے 26 پیسے پر بند ہوا۔ انٹربینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی کی قیمت کم ہونے لگی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 40 پیسے کمی کے بعد 157 روپے 40 پیسے پر فروخت ہوا۔کرنسی ڈیلرز کے مطابق سخت قوانین اور جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی کے باعث ڈالر کے دام گھٹنا شروع ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ڈالر کی نقل و حمل پر کڑی نگرانی اور جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی کے اثرات نظر آنے لگے ہیں۔ ڈالر کی طلب کم ہوئی تو اس کے ریٹ بھی گرنے لگے۔ دوسری جانب سٹاک ایکسچینج میں 64 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ منگل کو کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 64 پوائنٹس کے اضافے سے 30 ہزار 584 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

dollar
Comments (0)
Add Comment