اسلام آباد: صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کے باعث عمران خان اور سابق آرمی چیف کے درمیان اختلافات ہوئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا کو غیرضروری اہمیت دینے کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ دونوں میں اختلافات کی دیگر وجوہات میں سے ایک اہم وجہ سوشل میڈیا تھا۔ ملک میں فیصلہ ساز قوتیں سوشل میڈیا کو درست طریقے سے ’ہینڈل ‘ نہیں کرپاتیں۔
صدر علوی نے مزید کہا کہ وہ نئی فوجی قیادت اور عمران خان کے درمیان مذاکرات نہیں کروا رہے۔ عمران خان نے موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے نام پر اس وقت اطمینان کا اظہار کیا تھا جب اُنھوں نے اس بارے میں چیئرمین تحریک انصاف سے مشاورت کی تھی۔
صدر کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا نا گزیر ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات کی پیشکش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی میں کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی مذاکرات کی درخواست کا جواب دیا گیا۔