صدر مملکت کا انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کیلیے چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے، جس میں انہیں انتخابات سے متعلق مشاورت کے لیے ہنگامی اجلاس کی دعوت دی گئی ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو 20 فروری کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے لیے دعوت دی ہے۔
خط کے مطابق ایکٹ کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کمیشن سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ مشاہدات جیسی کچھ اہم پیش رفت ہوئی۔
صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا۔ میں بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔ اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئین کے تحفظ اور دفاع کی اپنی آئینی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کے لیے ہنگامی ملاقات کے لیے مدعو کرتا ہوں۔

Comments (0)
Add Comment