مریم نواز بھی شہباز شریف کی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں، پرویز الہٰی

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ شہباز شریف تاریخ کے نا اہل ترین حکمران ثابت ہورہے ہیں، مریم نواز بھی انکی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سیاست کا ایک ہی اسٹار ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، (ن) لیگ میں سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں۔

چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہوچکا ہے، مسلم لیگ ن پنجاب کھو چکی ہے، اب ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں۔ مریم نواز کی لندن سے واپسی پر ایک مرتبہ پھر لانچنگ بھی ناکام ہوگئی، پی ڈی ایم کی پوری کوشش ہے کہ اقتدار سے چمٹے رہیں جس کیلئے انہیں آئین شکنی بھی قبول ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، اوور سیز پاکستانی بھی گرفتاری کیلئے اپنا نام رضاکارانہ پیش کر رہے ہیں، پرویز الہٰی نے الزام عائد کیا کہ ہمارے حامیوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جارہا ہے، حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment