نئے وزیراعظم کا انتخاب، آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ملتوی

مظفرآباد: آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس شروع ہوتے ہی ملتوی ہوگیا۔ اجلاس میں اپوزیشن کے صرف 9 اراکین شریک ہوئے،کورم پورا کرنےکے لیےگھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد اجلاس کل دوپہر 2:15 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔خیال رہےکہ آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا تھا جس میں 15 ویں وزیراعظم کا انتخاب متوقع تھا۔سمبلی قواعد ایک اور دو کو معطل کرکے کل ہی کے دن قائد ایوان کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔وزیراعظم کے لیے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہے اور دونوں جانب سے نمبرز پورے کرنےکی کوششیں کی جارہی ہیں۔آزادکشمیر میں پی ٹی آئی 3 دھڑوں میں بٹی ہوئی ہے، 53 کے ایوان میں سردار تنویر کی نااہلی کے بعد حکومتی اتحاد کو 32 اراکین کی حمایت حاصل ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں کو 20 اراکین کی حمایت ہے اور سادہ اکثریت کے لیے27 اراکین کی حمایت درکار ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور پرویز خٹک ٹیم کے ہمراہ مظفرآباد پہنچ گئے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے چوہدری یاسین اور چوہدری لطیف اکبر کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔خیال رہے کہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت پر سزا سنا کر نااہل کردیا تھا، آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment