راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج نے یوم دفاع کی تقریبات "کشمیر بنے گا پاکستان” اور آئیں چلیں شہید کے گھر” سے منسوب کر دیں۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ یوم دفاع و شہدا گذشتہ سال کی طرح بھرپور منائیں گے ہر شہید کے گھر چلیں گے اور ہر شہید کو یاد رکھا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے یوم دفاع کے حوالے سے پرومو بھی جاری کر دیا ہے۔پرومو میں شہیدوں کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
نامور گلوکار راحت فتح علی خان کی خوبصورت آواز میں پرومو فلمایا گیا۔۔اس سے قبل ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) میں یوم دفاع و شہدا 2019ء سےمتعلق کانفرنس پر ڈجی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ گلی گلی محلے محلے شہیدوں کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔بس اسٹیشن، ٹرک اڈوں ، ائیرپورٹس اور ایسی دیگر جگہوں پر بھی شہدا کی تصاویر آویزاں کی جائیں۔ عوام سے درخواست ہے شہیدوں کے لواحقین سے ملیں،شکریہ ادا کریں،عظیم قومیں اپنے شہیدوں کو یاد رکھتی ہیں۔ شہدا کو یاد کرنے کے سلسلے کا آغاز گذشتہ برس کیا گیا۔ پہلے سال بہت اچھا تاثر رہا جو ہر سال جاری رہے گا۔ اس سال بھی ہر شہید کے گھر پہنچیں گے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پوری قوم اپنے اپنے علاقے اورکام کی جگہ اکٹھی ہو گی۔12 بجے قومی ترانہ اور کشمیر کا ترانہ بجایا جائے گا ۔
پچھلے سال کی طرح عوامی مقامات پر شہیدوں کی تصاویر بھی لگائی جائیں گی ۔ عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر وزیراعظم کےاعلان کردہ ”کشمیر آور”کے سلسلے میں بھی بات چیت ہو گی۔کومت کے اعلان کے مطابق 12بجے ملک بھر میں سائرن بجائےجائیں گے۔ ملکی ہیرو،شوبز اور میڈیا کےنمایندے اور میڈیا بھرپور شرکت کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یوم دفاع و شہدا کی تقریب کے فارمیٹ میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں ہو گی۔ جی ایچ کیو میں شام کےوقت تقریب نہیں ہو گی۔ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب اس سال سے دن کے وقت ہو گی جس میں صرف شہدا کے لواحقین اور غازی شریک ہوں گے۔”کشمیر بنے گا پاکستان” تقریبات کا حصہ ہو گا۔ یوم دفاع کی مناسبت سے چھاؤنیوں میں ہتھیاروں کی نمائش ہوگی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یادگار شہدا پر حاضریں دیں گے اور پھول چڑھائیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شہدا کے لواحقین اور غازیوں سے ملاقاتیں کریں گے۔