بٹگرام چئیرلفٹ کا مالک اور آپریٹر گرفتار، مقدمہ درج

خیبر پختون خوا کے علاقے بٹگرام میں چئیرلفٹ میں بچوں کے پھنسنے کے واقعے پر چئیر لفٹ کے مالک اور آپریٹر اعجاز کو گرفتار کر لیا گیا۔تھانا الائی کی پولیس نے مالک گل زرین اور اعجاز کو گرفتار کیا اور دونوں کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کے مطابق نجی چیئر لفٹ کے مالک کو حراست میں لینے کے بعد مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے چیئر لفٹ کے کمروں کو بھی تالے لگاکر سیل کردیا۔ڈی آئی جی ہزارہ ڈویژن طاہر ایوب کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ کے کنٹرول روم کو سیل کردیا ہے، ایف آئی آر میں کوتاہی برتنے کی 5 دفعات شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بٹگرام میں چیئرلفٹ رسی ٹوٹنے کی وجہ سے ہوا میں معلق ہوئی تھی اور اس میں پھنسے 8 افراد کو ریسکیو کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کے حکم پر بالاکوٹ کے مختلف مقامات پر نصب 9سے زائد چیئر لفٹ/ڈولی کو سیل کردیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔کیوائی کے مقام پر دریائے کنہار پر نصب چئیر لفٹ کی بندش سے پرور کے عوام بشمول دریا پار کرکے اسکول جانے والے بچے اور اساتذہ بھی محصور ہوگئے۔ پرور کے لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے ڈولی کی بحالی کا مطالبہ کیا۔سید منیر شاہ سابق ناظم کا کہنا ہے کہ پرور کے مقام پر دریائے کنہار پر نصب ڈولی دریا سے تین ہزار فٹ بلندی آٹھ سو فٹ لمبی ہے۔

Comments (0)
Add Comment