احتجاج اور بل جلانے سے بجلی سستی نہیں ہوگی، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: نگراں وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاملے پر پرامن احتجاج عوام کا حق ہے تاہم پر تشدد حملے اور سرکاری عملے کو نشانہ بنانے کی اجازت کسی کو نہیں ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف جاری احتجاج پر نگراں وزیراطلاعات و نشریات نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ صرف احتجاج ، بل جلانے اور بل نہ دینے سے بجلی سستی نہیں ہوگی‘۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل ادا نہ کیے تو اکثر لوگوں کیلئے اندھیرا ہوگا، فہم فراست، سمجھ بوجھ اور بہتر حکومتی اقدامات سے ہی یہ مسائل حل ہوں گے۔

قبل ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں آج کچھ تجاویز زیر غور آئیں جن میں سے کچھ پر فیصلے کئے ہیں، کچھ ایسے فیصلے ہیں جن پر عملدرآمد کیلیے آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر آئی ایم ایف سے رابطے میں ہیں، پرائمری سرپلس اور سرکلر ڈیٹ کو دیکھ کر کچھ فیصلے کرنا ہوں گے، چند گھنٹے میں آئی ایم ایف کو آن بورڈ لے کر بجلی بلز سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment