کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر کو مسلسل اُڑان کے بعد جھٹکا لگ گیا، آج ڈالر کی اوپن مارکیٹ قیمت میں مزید 11 روپے کی بڑی کمی ہوئی اور قیمت 312 روپے کی سطح پر آگئی۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں مزید کم ہوئی، گزشتہ روز اوپن قیمت میں بارہ روپے کمی ہوئی تھی اور آج مزید گیارہ روپے کمی آگئی اور اوپن مارکیٹ قیمت کم ہوکر 312 روپے پر بند ہوگئی۔ اس طرح دو روز کے دوران ڈالر کی اوپن مارکیٹ قیمت میں 23 روپے کی کمی آئی ہے۔دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 11 پیسے کی کمی سے 306 روپے 97 پیسے کی سطح پر آ گئی، جس کے بعد ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا رجحان جاری رہا اور دوپہر تک انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 14 پیسے کمی سے 306 روپے 95 پیسے ہو گئی۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج صبح سے تیزی کا رجحان ہے پی ایس ایکس میں 29 پوائنٹس کی تیزی سے کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 45520 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔