سائفر کیس: عمران خان کی درخواست ضمانت کی سماعت کھلی عدالت میں کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی ‘اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت 9 اکتوبر کو اوپن کورٹ میں ہوگی۔سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی ان کیمرہ سماعت کی درخواست نمٹا دی، چیف جسٹس عامر فاروق نے ایف آئی اے کی متفرق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا نے سائفر کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست دائر کر دی۔چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالتی کارروائی کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم، شاہ محمود قریشی کے وکلا سمیت ان کے صاحبزادے زین قریشی اور صاحبزادی مہر بانو بھی اڈیالہ جیل میں موجود تھے۔دوران سماعت چئیرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے ٹرائل روکنے کی درخواست دائر کردی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ شفاف اور منصفانہ ٹرائل کیلئے ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا نے جیل ٹرائل کے دوران درخواست دائر کی۔بعد ازاں عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول کی تقسیم کے بغیر سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی، خصوصی عدالت کے جج نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔

Comments (0)
Add Comment