پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔میا ں منیر ہانس

لاہور( سٹاف رپوٹر)پاکستان پیپلز پارٹی گلف کے صدر میا ں منیر ہانس نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔فروغ جمہوریت اور ایک عام آدمی کے حقوق کی بحالی کی خاطر بھٹو خاندان نے جس قدر قربانیاں دی ہیں تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔پیپلز پارٹی کے 56ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے جس پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی وہ جو آج تناور درخت بن چکی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں موجود ہے اور یکساں مقبول ہے۔ہر طبقہ فکر اور ہر عمر کے لوگوں کا بھر پور تعاون اسے حاصل ہے ‘یہی وجہ ہے کہ تمام سختیوں کے باوجود پیپلز پارٹی نہ تو ختم ہو ئی اور نہ ہی اس کی مقبولیت کا گراف کم ہو ا بلکہ ہر سختی اور زیادتی کے بعد پیپلز پارٹی مزید طاقت کے ساتھ ابھری اور اپنا آپ منوایا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو حکومت ملتی ہے منفی طاقتیں اسے گرانے کی کوششوں میں لگ جاتی ہیں ۔ہر بار پی پی پی کی حکومت کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈے آزمائے گئے’ورکروں کو پابند سلاسل کیا گیا۔جیلوں میں اور سرعام کوڑے مارے گئے ۔زیر کرنے کے لیے ناجائز مقدمات قائم کیے گئے۔لیکن کوئی حربہ بھی ورکروں اور جیالوں کو ان کے ارادوں سے باز نہ رکھ سکا۔پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مضبوط ہے۔پیپلز پارٹی کے تمام کارکن نظریاتی ہیں جو آج بھی ذوالفقار علی بھٹو ،شاہنواز بھٹو،میر مرتضیٰ بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادتیں نہیں بھولے جنہوں نے اپنا خون دے کر پیپلز پارٹی کی جڑیں مضبوط کی اور جمہوریت کی راہ ہموار کی۔میاں منیر ہانس نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی غریبوں کی حمایت کا دم بھرتی ہے۔ اندورنی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور اس بات کا عز م رکھتی ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment