عالمی یومِ صحافت پر خضدار میں دھماکا، صدر پریس کلب صدیق مینگل سمیت 3 جاں بحق

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہونے والے دھماکے میں پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔عالمی یوم صحافت کے پر بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے چمروک میں سلطان ابراہیم خان روڈ پر دھماکا ہوا، جس میں صدر خضدار پریس کلب محمد صدیق مینگل سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ دس کے قریب افراد زخمی ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، جس میں نامعلوم دہشت گردوں نے گھر سے یونیورسٹی جاتے ہوئے خضدار پریس کلب کے صدر کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں صدیق مینگل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔واقعے میں زخمی ہوئے راہ گیروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس امدادی ٹیموں کے اہل کار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے ۔میڈیا ذرائع کے مطابق پریس کلب خضدار کے صدر کو گزشتہ ماہ موصول ایک خط میں جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی۔ علاوہ ازیں چند ماہ قبل ان پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس میں وہ محفوظ رہے تھے۔

Comments (0)
Add Comment