پاکستانی نوجوان سعودی کمپنیوں کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار شروع کریں گے، وفاقی وزرا

اسلام آباد: وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان سعودی کمپنیوں کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار شروع کریں گے، حکومت نے پاکستان سے سرخ فیتے کے کلچر کے خاتمے کا عزم کیا ہے۔یہ بات وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، جام کمال اور مصدق ملک نے سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی تجارتی وفد پاکستان کے اہم دورے پر ہے، پاکستان کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو بھی تجارت میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے گا، سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ 30 سے 35 کے قریب سعودی کمپنیوں کے نمائندے پاکستان آئے ہوئے ہیں، پاکستانی اور سعودی کمپنیاں آپس میں مل بیٹھ کر عالمی سطح پر اپنے کاروبار کو بڑھانے پر بات چیت کر رہی ہیں، ہم ملک سے مایوسی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان سعودی کمپنیوں کے ساتھ مل کر چھوٹے کاروبار شروع کریں گے، ہم مدد نہیں تجارت اور کاروبار چاہتے ہیں، پہلے مدد کی بات کی جاتی تھی، اب کاروبار کرنے کی بات کی جاتی ہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آج سعودی عرب کے کاروباری افراد پاکستان میں موجود ہیں اور پاکستانی کمپنیوں سے بات کر رہے ہیں، اس کے نتیجے میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے، پہلے حکومت سے حکومت کے معاہدے ہوئے، اب بزنس سے بزنس کے معاہدے ہوں گے، حکومت نے پاکستان سے سرخ فیتے کے کلچر کے خاتمے کا عزم کیا ہے۔وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گی، سعودی عرب کے تاجر پاکستان کی معیشت میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، کئی سعودی سرمایہ کار نجی حیثیت میں بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں، مختلف مرحلوں میں سعودی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment